’شراب میں مچھلی ڈال دی جائے تو وہ جائز ہوجاتی ہے‘ جے یو آئی کے مولانا صلاح الدین ایوبی کی ویڈیو وائرل

اگر شراب میں مچھلی ڈال دی جائے تو وہ شراب نہیں رہے گی بلکہ سرکہ بن جائے گی جس کے بعد اس کو پینا جائز ہوگا۔ چیئرمین انسدادِ منشیات کمیٹی کی گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) جمعیت علماء اسلام ف کے رکنِ قومی اسمبلی اور چیئرمین انسدادِ منشیات کمیٹی مولانا صلاح الدین ایوبی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ اگر شراب میں مچھلی ڈال دی جائے تو وہ جائز ہوجاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صحافی اعزاز سید کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین انسدادِ منشیات کمیٹی مولانا صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ اگر شراب میں مچھلی ڈال دی جائے تو وہ شراب نہیں رہے گی بلکہ سرکہ بن جائے گی جس کے بعد اس کو پینا جائز ہوگا۔
اس پر صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ اور کیا چیز ڈالیں کہ شراب جائز ہو جائے گی؟ اس پر مولانا صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ یہ تو پورا سسٹم ہے، آپ کسی وقت مدرسے میں آجائیں تو آپ کو دکھا دیتے ہیں۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ شراب کو جائز قرار دے دیا جائے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے کمیٹی میں یہ بات مثال کے طور پر کہی تھی کیوں کہ یہ بات چل رہی تھی کہ مولوی بھنگ کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ، بھنگ کا پیچھا چھوڑ دیں ، اس پر میں نے کہا کہ اللہ نے ایک چیز حرام کی ہے تو ہم مولوی تو اس کو حلال نہیں کرسکتے، کوئی حکمت عملی بنا لواور علماء سے طریقہ پوچھ لو ، اس پر مثال دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر شراب کے پیالے میں مچھلی ڈال دو تو وہ شراب نہیں رہے گی بلکہ سرکہ بن جائے گا جو کہ جائز ہے۔
جمعیت علماء اسلام ف کے رکنِ قومی اسمبلی اورچیئرمین انسدادِ منشیات کمیٹی مولانا صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ منشیات کے خلاف صرف باتیں کی جاتی ہیں لیکن عملی کام نہیں ہو رہا ، پورے پاکستان کے نوجوان میں منشیات تیزی سے پھیل رہی ہیں، یہ خاموش دہشت گردی ہے جس کے خلاف ہم سب کو آواز اٹھانا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں