پاکستان سے ٹاکرے کو ایک عام میچ کی طرح سمجھیں گے: ویرات کوہلی

کسی اضافی دبائو کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں، اپنی صلاحیت کے مطابق بہتر پرفارم کرنا ہی ہمارا ہدف ہوگا: کپتان بھارتی ٹیم

دبئی (اسپورٹس ڈیسک) بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ پاکستان سے ٹاکرے کو ایک عام میچ کی طرح سمجھیں گے، کسی اضافی دبائوکا شکار ہونے کی ضرورت نہیں، اپنی صلاحیت کے مطابق بہتر پرفارم کرنا ہی ہمارا ہدف ہوگا۔ ایک انٹرویو میں ویرات کوہلی نے کہا کہ ٹکٹوں کی قیمت غیر معمولی اور بڑے جوش و خروش کا ماحول بن چکا ہے، میچ کے دوران شائقین کی وجہ سے تھوڑی مختلف صورتحال ہوگی مگر ہمارے لیے یہ عام میچ کی طرح ہی ہوگا جس میں ایک پروفیشنل کے طور پر اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے،کسی اضافی دبائوکا شکار ہونے کی ضرورت نہیں، اپنی صلاحیت کے مطابق بہتر پرفارم کرنا ہی ہمارا ہدف ہوگا۔
انھوں نے ازراہ مذاق کہا کہ مہنگے ہونے کی وجہ سے دوستوں کے ٹکٹوں کیلئے مطالبے بھی بڑھ گئے مگر میں نے ان کو صاف انکار کردیا ہے۔

ویرات کوہلی نے ورلڈکپ میں بھونیشور کمار اور روی چندرن ایشون کو اپنی ٹیم کے ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیسر نئی گیند سے موثر ثابت ہوسکتے ہیں، آف سپنر کی بے خوف بولنگ ہمارے لیے فتوحات کی راہ ہموار کرے گی۔ بھارتی کپتان نے مہندرا سنگھ دھونی کی سکواڈ کے ہمراہ موجودگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق کپتان ہمیشہ سے ہمارے مینٹور رہے ہیں، ورلڈکپ میں ان کا تجربہ ٹیم کے کام آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں