سعودی عرب نے مرد اور خواتین سے فوج میں شمولیت کے لیے درخواستیں طلب کر لیں

ریاض( آن لائن) سعودی عرب کے موجودہ ولی عہد مقامی خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر بااختیار اور خود کفیل بنانے کے عزم پر کاربند ہیں۔ ان کے دور میں خواتین پر سرکاری اور نجی شعبوں میں ملازمتوں کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔ ان پر کئی دہائیوں سے عائد بے جا معاشرتی پابندیاں بھی ختم کی جا رہی ہیں۔ گاڑیاں چلانےکی اجازت دے دی گئی ہے اور کاروبار کرنے میں بھی سہولت دی جا رہی ہے۔اب سعودی عرب نے خواتین پر فوجی بھرتی کے دروازے بھی کھول دیئے ہیں۔ جس کے بعد سعودی فوج میں ہزاروں خواتین سپاہی

سے لے کر سارجنٹ رینک تک کی ملازمتیں حاصل کر سکیں گی۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی وزارت دفاع نے مسلح افواج اور اس کی متفرق ذیلی شاخوں میں مرد وخواتین کی شمولیت کے لیے درخواستیں طلب کر لیں۔یہ بھرتی سپاہی سے لے کر سارجنٹ رینک تک کے لئے کھولی جا رہی ہے۔وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزارت دفاع کے پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کروا کر بھرتی کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے۔ اعلان میں بھرتی کے خواہش مند درخواست گذاروں کے لیے مقرر کردہ شرائط بھی بیان کی گئی ہیں۔بھرتی کے خواہش مند مرد وخواتین امیدواروں کے لیے سعودی شہری ہونا ضروری ہے۔ تاہم ایسا کوئی شہری جو اپنے والد کی بیرون ملک ملازمت میں اس کے ساتھ دوسرے ملک میں رہ چکا ہو بھی درخواست دینے کا اہل ہے۔درخواست گذار کو دیگر دستاویزات کے علاوہ کریکٹر سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہو گا۔ کسی جرم یا قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب فرد کی درخواست قابل غور نہیں ہو گی۔ امیدواروں کی کم سے کم عمر 17 اور زیادہ سے زیادہ 40 سال مقرر کی گئی ہے۔یاد رہےکسی غیر ملکی سے شادی کرنے والا امیدوار فوج میں ملازمت کا اہل نہیں ہو گا۔ امیدوار کسی دوسرے سرکاری محکمے کا ملازم نہ ہو۔اسے کسی عسکری سروس سے نکالا نہ گیا ہو۔ امیدوار کا قد 160 سینٹی میٹر ہو اور وہ عسکری شعبے میں خدمات انجام دینے کے لیے طبی طور پر مکمل فٹ ہو۔ امیدوار کے لیے فوج میں بھرتی سے قبل اہلیت جانچنے کے تمام امتحانات پاس کرنا بھی لازمی ہیں۔خواتین امیدواروں کے لیے دیگر شرائط وہی ہیں تاہمان کے لیے عمر کی حد 21 سے 40 سال کے درمیان مقرر کی گئی ہے۔ ملازمت کی خواہش مند خواتین کا قد 155 سینٰٹی میٹر ہونا چاہئے ہے۔وزارت دفاع نے مزید کہا کہ مسلح افواج کی شاخوں میں سعودی عرب کی شاہی بری فوج، شاہی سعودی عرب کی شاہی ایئر ڈیفنس فورسز، شاہی سعودی فضائیہ، شاہی سعودی بحریہ، سعودی شاہی اسٹریٹجک میزائل فورس اور جنرل ایڈمنسٹریشن میں بھرتیوں کے لیے درخواستیں مطلوب ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں