وفاقی حکومت کا شوکت ترین کو مشیر بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے 6 ماہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد وفاقی وزیر برائے خزانہ شوکت ترین کو مشیر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔شوکت ترین کو 6 ماہ کیلئے وفاقی وزیر بنایا گیا تھا تاہم ان کی بطور وفاقی وزیر مدت ختم ہونے پر وفاقی حکومت نے مشیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان جلد ان کی بطورمشیر تعیناتی کی منظوری دیں گے۔

ذرائع کے مطابق شوکت ترین 17 اکتوبر کو وزیرنہیں ہوں گے تاہم واشنگٹن میں وزیر کی حیثیت سے (آج) ہفتہ کو شوکت اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت غیرمنتخب شخص 6 ماہ کیلئے وفاقی وزیر بنایا جاسکتا ہے تاہم کابینہ میں رہنے کیلئے غیرمنتخب شخص کو سینیٹر یا قومی اسمبلی کا رکن بننا ضروری ہے بصورت دیگر 6 ماہ بعد وہ کابینہ میں نہیں رہے گا۔اس سے قبل حفیظ شیخ بھی غیرمنتخب وزیر خزانہ تھے جنہیں سینیٹ الیکشن میں شکست کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ حفیظ شیخ کی 6 ماہ کی مدت 9 جون کو بطور وزیر خزانہ ختم ہونی تھی اور سینیٹ الیکشن میں یوسف رضاگیلانی سے شکست کے بعد ان کا عہدے پر رہنا ناممکن ہوگیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں