ٹرانسپورٹ کا نظام کسی بھی معیشت کے لئے شریان کی طرح ہوتا ہے ،چینی صدر

ٹرانسپورٹ تہذیبوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے، قدیم شاہراہ ریشم پر اونٹوں کے قافلوں نے معاشی انضمام کو فروغ دیا، صدرشی پنگ کا خطاب

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کا نظام کسی بھی ملک کی معیشت کیلئے شریان کی طرح ہوتا ہے ، ٹرانسپورٹ تہذیبوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے۔چینی صدر شی جن پنگ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اقوام متحدہ کی دوسری عالمی پائیدار ٹرانسپورٹ کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور ایک اہم خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا نظام کسی بھی ملک کی معیشت کیلئے شریان کی طرح ہوتا ہے اور ٹرانسپورٹ تہذیبوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے،تاریخ کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ قدیم شاہراہ ریشم پر اونٹوں کے قافلوں اور کشتیوں کی شکل میں نقل و حمل نے معاشی انضمام کو فروغ دیا اور لوگوں کو سہولیا ت فراہم کی ہے۔

اس سے افرادی تبادلوں کو فروغ ملا اور دنیا ایک گلوبل ولیج میں تبدیل ہوگئی۔صدر شی جن پنگ نے کہا کہ گزشتہ ایک صدی میں نظر آنے والی بڑی تبدیلیوں جیسے کووڈ-19 کی وبا نے عالمی معاشی بحالی اور لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کی کوششوں کو شدید خطرات سے دو چار کردیا ہے اس صورت حال میں یہ ضروری ہے کہ ہم عالمی ترقی کے مروجہ رجحان کی پیروی کریں ، عالمی ٹرانسپورٹ تعاون کو فروغ دیں ، اور تعاون کا ایک نیا باب رقم کریں جس میں انفراسٹرکچر کے رابطے ، تجارت اور سرمایہ کاری کا بلا روک ٹوک بہاؤ ، اور تہذیبوں کے مابین تعاون شامل ہیں۔
صدر شی جن پنگ نے کہا کہ آئیے ہم مل کر رابطے اور باہمی فائدے کے امید افزا راستے پر قائم رہیں ، مشترکہ طور پر ایک کھلی ، جامع ، صاف اور خوبصورت دنیا کی تعمیر کریں جو پائیدار امن ، عالمگیر سلامتی اور مشترکہ خوشحالی سے لطف اندوز ہو ، اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی تعمیر کو فروغ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں