ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، ’موقع موقع‘ کا نیا اشتہار سامنے آگیا

اشتہار میں الیکٹرانک دکان کا ہندوستانی سکھ مالک پاکستانی شائق کو ’بائی ون بریک 1‘ سکیم کے تحت 2 ٹیلی ویژن سیٹ دیتا ہے

لاہور (اسپورٹس ڈیسک) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا 24 اکتوبر کو دوبئی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کے مابین سیاسی کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک نے کافی عرصے سے باہمی سیریز نہیں کھیلی، اس دوران صرف آئی سی سی ٹورنامنٹس میں دونوں ٹیموں کو آپس میں کھیلنے کا موقع ملتا ہے ۔ اس تمام تر صورتحال کے باوجود دونوں جانب شائقین کرکٹ میں جوش و ولولہ آج بھی برقرار ہے جسکا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ پاک بھارت میچ کی ٹکٹیں صرف 2 سے تین گھنٹوں میں فروخت ہوگئیں۔
آئی سی سی ورلڈکپ میچز کے ریکارڈ پر نظر دوڑائی جائے تو پاکستان کا بھارت سے 12 مرتبہ سامنا ہوا، جس میں بھارت نے تمام مقابلوں میں پاکستان کو شکست دی، پاکستان کو 50 اوورز کے ورلڈ کپ میں بھارت نے 7 جبکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپس میں 5 بار شکست سے دوچار کیا۔

اسی وجہ سے بھارتی سپورٹس چینل ’سٹار سپورٹس‘ پچھلے کئی سال سے بھارت اور پاکستان کے ورلڈ کپ مقابلوں سے پہلے ’موقع موقع‘ کے نام سے مشہور ایک اشتہار جاری کرتا ہے۔

یہ اشتہار دیکھنے میں تو ایک پاکستانی شائقین کی اس خواہش کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو بھارت کو شکست دیتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔ رواں سال بھی ورلڈ کپ شروع ہونے سے چند روز قبل ’سٹار سپورٹس‘ نے دوبارہ یہی اشتہار جاری کیا ہے جس میں ایک پاکستانی شائق ہاتھ میں پٹاخے لیے دبئی کی ایک الیکٹرانک دکان میں داخل ہوا جہاں ایک ہندوستانی سکھ مالک نے اسے سلام کیا۔
پاک بھارت ٹاکرے کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستانی شائق ایک ٹی وی کی ڈیمانڈ کرتا ہے اور جواب میں دکان کا ہندوستانی مالک اسے یاد دلاتا ہے کہ اس نے کچھ سال پہلے پاکستان کے ہارنے کے بعد اپنا ٹی وی کیسے توڑا۔ اس لیے وہ اسے ’بائی ون بریک 1‘ سکیم کے تحت 2 ٹیلی ویژن سیٹ دیتا ہے۔ اس کے بعد اشتہار روایتی ’موقع موقع‘ کے بیک گراؤنڈ میوزک بجنے کیساتھ ختم ہو جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں