کراچی کی سڑکوں پر جلد 250 ڈیزل ہائبرڈ بسیں دوڑیں گی

بسوں کی خریداری کیلئے تمام مراحل مکمل کر لئے گئے، شہر قائد میں مجموعی طور پر 300 بس اسٹاپ بنیں گے

کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی کی سڑکوں پر جلد 250 ڈیزل ہائبرڈ بسیں دوڑیں گی، بسوں کی خریداری کیلئے تمام مراحل مکمل کر لئے گئے، شہر قائد میں مجموعی طور پر 300 بس اسٹاپ بنیں گے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے 250 ڈیزل ہائبرڈ بسوں کی خریداری کے لئے تمام مراحل مکمل کرلیے ہیں۔پہلے مرحلے میں محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کراچی کے 7 روٹس پر بسیں چلائے گا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کو انٹراسٹی بس منصوبے کے لئے فنڈز مل گئے۔اس ضمن میں وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے بتایا کہ این آرٹی سی اور ترکی کی کمپنی کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے پر کام کریں گے۔ترکی کی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی کے نمائندے کراچی پہنچ گئے ہیں۔ترکش کمپنی کے نمائندوں نے یو پی موڑ بس ڈپو کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ ترکش کمپنی نے مختلف بس روٹس کا بھی معائنہ کیا, 250 ڈیزل ہائبرڈ بسیں آئندہ چار ماہ میں پہنچ جائینگی,مجمو عی طور پر 300 بس اسٹاپ بنیں گے۔

چار بس ڈپو بس آپریشنز چلانے کے لئے دیئے جائیں گے۔اویس شاہ نے کہاکہ انٹراسٹی بس منصوبے کے علاوہ دیگر ٹرانسپورٹ منصوبوں پر پیشرفت ہورہی ہے۔انٹراسٹی بس منصوبے کے لئے معاہدہ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ہے۔ایدھی اورنج لائن اور ریڈ لائن بس منصوبے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ دوسری جانب کراچی کیلئے وفاقی حکومت کو منصوبہ گرین لائن بھی آپریشنل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے خریدی گئی گرین لائن بسیں کچھ روز قبل ہی کراچی پہنچی تھیں، جن کا اس وقت ٹیسٹ رن کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گرین لائن بس منصوبہ رواں ماہ کے آخر یا اگلے ماہ تک آپریشنل کر دیا جائے گا۔ آپریشنل ہونے کے بعد یہ کراچی شہر کا پہلا جدید ماس ٹرانزٹ منصوبہ ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں