بحرین ؛ خلیجی اسلامی ممالک میں 52 برس بعد پہلی یہودی شادی

یہودی رسم و رواج کے مطابق 2 تقریبات منعقد کی گئیں جن میں شبات چاتن اور مہندی شامل تھی ، بحرین میں پہلی مرتبہ اس شادی میں آرتھوڈوکس یونین کی طرف سے کوشر کھانا بھی پیش کیا گیا

منامہ ( انٹرنیشنل ڈیسک ) بحرین میں 52 برس بعد خلیجی اسلامی ممالک میں پہلی یہودی شادی کی تقریب ہوئی۔ عرب نیوز کے مطابق اس شادی کو منعقد کروانے میں ایسوسی ایشن آف گلف جیوئش کمیونٹیز نے سہولت کار کا کردار ادا کیا ، بحرین کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس شادی میں آرتھوڈوکس یونین کی طرف سے کوشر کھانا بھی پیش کیا گیا جب کہ اس موقع پر یہودیوں کے رسم و رواج کو مد نظر رکھتے ہوئے 2 تقریبات منعقد کی گئیں جن میں شبات چاتن اور مہندی شامل تھی۔
اس شادی کے حوالے سے اے جی جے سی کے ربی ڈاکٹر ایلی عبادی نے کہا کہ یہ شادی اس لیے بھی زیادہ اہم تھی کیوں کہ جی سی سی کی واحد مقامی یہودی برادری میں نصف صدی سے زائد عرصے میں یہ پہلی یہودی شادی تھی ، مجھے شادی کا انتظام کرنے کا اعزاز حاصل تھا ، تمام شادیاں دلچسپ واقعات ہیں کیوں کہ ہم ایک نئے یہودی خاندان کی تخلیق کا جشن مناتے ہیں ، اے جی جے سی نے فروری 2021 میں اپنے قیام کے بعد اس شادی کے علاوہ عمان اور بحرین ہی میں 2 اور تقریبات بھی منعقد کروائیں۔

اس ضمن میں اے جی جے سی کے صدر ابراہیم داؤد نونو نے کہا کہ یہ شادی ہمارے خاندان، بحرین میں بسنے والی یہودی کمیونٹی اور اس سے بھی بڑھ کر خطے میں یہودی کمیونٹی کے لیے نہائیت اہم ہے ، ہمیں امید ہے کہ ہم اس کے بعد بھی خطے میں شادی کی مزید تقریبات منعقد کروائیں گے جس سے مزید نوجوان جوڑوں کو یہاں اپنی ازدواجی زندگی شروع کرنے کا موقع ملے گا اور ہماری کمیونٹی بڑھے گی۔
یاد رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپڈ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے ایک سال بعد بحرین کا دورہ کیا ہے جہاں منامہ میں اسرائیلی سفارت خانے کا افتتاح کیا گیا ، یائر لیپڈ نے کہا ہے کہ ہم نے بحرین میں اسرائیلی سفارت خانہ باضابطہ طور پر کھول دیا ہے ، ہم نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ سال کے آخر تک اسرائیل میں بحرینی سفارتخانہ بھی کھل جائے گا۔
قبل ازیں بحرین کی طرف سے تسلیم کیے جانے اور تعلقات کی بحالی کے بعد اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لیپڈ جمعرات کو بحرین پہنچے جو کہ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے لیے گزشتہ سال ہونے والے ایک اہم معاہدے پر دستخط کے بعد کسی بھی سینئر اسرائیلی سرکاری عہدیدار کا خلیجی ریاست کا یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے ، یائر لیپڈ اپنے بحرینی ہم منصب سے ملاقاتوں اور اسرائیل کے سفارت خانے کا افتتاح کرنے کے لیے بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے ہیں ، اسرائیلی سفارتی وفد اپنے بحرین کے ہم منصبوں سے ملاقات کرے گا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے معاہدوں پر دستخط کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں