ایس ای سی پی نے میوچل فنڈز اور پنشن فنڈز میں سرمایہ کاری اکانٹ کھولنے کو سہل اور آسان بنانے کیلئے نئے ریگولیٹری فریم ورک کا اجرا کردیا

کراچی(کامرس ڈیسک)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے اسمارٹ سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز کرتے ہوئے میوچل فنڈز اور پنشن فنڈز میں سرمایہ کاری اکائونٹ کھولنے کو سہل اور آسان بنانے کیلئے نئے ریگولیٹری فریم ورک کا اجرا کردیا ہے۔نئے فریم ورک کے مطابق ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں(اے ایم سیز)اور پنشن فنڈ منیجرز(پی ایف ایم)سرمایہ کاروں کے اکائونٹ آن لائن اکائونٹس کھول سکتی ہیں جبکہ سرمایہ کار وں کی تصدیق اسکائپ اور واٹس ایپ کے ذریعے کی جاسکے گی۔
نئے فریم ورک میں سرمایہ کاری کی حد اور صارف کی پروفائل کی بنیاد پر اکائونٹس کی 3 اقسام کی درجہ بندی کی گئی ہے، جن میں سہل سرمایہ کاری اکائونٹ، سہولت سرمایہ کاری اکائونٹ اور سرمایہ کاری اکائونٹ شامل ہیں۔

سہل سرمایہ کاری اکائونٹ بغیر کسی رکاوٹ کے ڈیجیٹل والیٹس کے ذریعے اے ایم سیز کو اضافی معلومات / دستاویزات فراہم کئے بغیر کھولا جاسکتا ہے۔

دوسری قسم سہولت سرمایہ کاری اکائونٹ کی ہے، جس میں بنیادی تفصیلات فراہم کرکے سرمایہ کار کی رسک پروفائلنگ کے بغیر منی مارکیٹ اور کم رسک والی انکم اسکیموں میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔تیسری درجہ بندی سرمایہ کاری اکائونٹ کی ہے جو کسی سرمایہ کاری اور لین دین کی حد سے مشروط نہیں ہوتا، لہذا اس اکائونٹ کیلئے اضافی قانونی دستاویزات / معلومات کی فراہمی ضروری ہے۔ سرمایہ کار متعلقہ اکائونٹ کی شرائط کو پورا کرتے ہوئے اپنے اکانٹ کو اپ گریڈ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں