افغان وزارت خارجہ کا انسانی بنیادوں پر افغانستان کو امداد فراہم کرنے پرامریکی رضا مندی کا خیرمقدم

کابل(انٹرنیشنل ڈیسک) افغانستان کی وزارت خارجہ نے امریکا کی جانب سے افغانستان کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے پررضا مندی ظاہر کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی بنیادوں پر امداد کو سیاسی مسائل سے منسلک نہیں کرنا چاہیے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے وزارت خارجہ کے بیان کے حوالے سے پیر کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ امارات اسلامی افغانستان اور امریکا کے مابین2 روزہ مذاکرات اچھے رہے اور اس دوران مختلف سیاسی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان نے مسائل کے حل کے لیے دوحہ معاہدے پر مکمل عملدرآمدکو بہترین راستہ قرار دیا اور کہا کہ انسانی امداد کو سیاسی مسائل سے منسلک نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی نمائندوں نے افغان شہریوں کو امداد فراہم کرنے اور دیگر تنظیموں کو امداد کی ترسیل کرنے کے لیے سہولت فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی جس کا امارات اسلامی افغانستان خیرمقدم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان شفاف بنیادوں پر ضرورت مند افراد کو امددا کی فراہم میں تعاون کرے گا غیرملکی شہریوں کے انخلا میں مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ ہونے والی تفصیلی بات چیت کے دوران تمام متعلقہ مسائل پر بات چیت کی گئی اور افغانستان کوبہتر ریاست بنانے کے لیے سفارتی تعلقات کی بحالی کے لییے کوششیں تیز ہونی چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ بات چیت کو ایک دوسرے کو سمجھے کا بہترین موقع سمجھتے ہیں اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اگر ضرورت پڑی تومستقبل میں اس طرح کی مزید بات چیت کا انعقاد کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں