میرا رب کبھی مجھے تنہا نہیں چھوڑے گا

میری صحت پہلے سے بہتر اور خطرے سے باہر ہے، بس تھوڑی کمزوری ہے وہ بھی ان شااللہ جلد دور ہوجائے گی۔ محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کا آخری کالم

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان گذشتہ روز انتقال کر گئے جس کے بعد انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ 8 میں موجود قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان قومی اخبار روزنامہ جنگ میں کالم بھی لکھتے ہیں۔ گذشتہ روز ان کے انتقال کے بعد آج کے اخبار میں ان کا آخری کالم شائع کیا گیا جسے دیکھنے اور پڑھنے والی ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔
اس کالم میں ڈاکٹر عبد القدیر خان نے طبیعت میں بہتری سے آگاہ کیا تھا۔ روزنامہ جنگ میں شائع ڈاکٹر عبد القدیر خان کے آخری کالم میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جو بے شمار نعمتیں ہمیں عطا کی ہیں وہ ہم کبھی دنیا بھر کے درختوں کے قلموں اور سمندروں کی سیاہی یا روشنائی سے بھی مکمل طور پر نہیں لکھ سکتے۔
آپ سے چند چیزوں کا ذکر کرتا ہوں مثلاً ہدایت، رزق، صحت، مال و دولت، قوّت و طاقت، عزت وغیرہ۔

سب سے زیادہ اہم نعمت ہدایت ہے۔ ڈاکٹر عبد القدیر خان نے قرآن پاک کی آیات کا حوالہ بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ کلام مجید میں بار بار آیا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول (محمدؐ) کی اطاعت کرو ان کے فرمان کی نافرمانی کروگے تو سخت عذاب اور عتاب نازل ہوگا۔ اس پر مزید روشنی ڈالنے اور اہمیت بتانے کے لئے اللہ پاک نے فرمایا ہے کہ اللہ کے رسول اور اللہ کے احکامات کی تعمیل کرو۔
پھر کلام مجید میں صاف صاف فرمایا کہ محمدؐ اللہ کے آخری رسول ہیں اور مہر لگادی گئی ہے کہ اب کوئی اور نبی نہیں آئے گا۔ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبہ حجۃ الوداع میں صاف صاف فرمایا کہ لوگوسنو! اب میرے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اور نا ہی کوئی نئی اُمت آئے گی۔ پھر انسان اپنی فطرت (جھگڑالو، جلدباز اور احسان فراموشی وغیرہ) کی وجہ سے ایسی باتیں کرتا ہے جو اللہ اور اس کے فرمان کے سخت خلاف ہیں۔
محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا کہ میں نے اپنے پچھلے کالم میں ایک مفید مشورہ دیا تھا کہ ریڈیو پاکستان صبح 7بجے سے رات تک صوت القرآن کے نام سے تلاوت قرآن مع اردو ترجمہ پیش کرتا ہے یہ بہت ہی اعلیٰ پروگرام ہے آپ دکان میں، بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز میں نرم آواز یعنی ہلکی آواز میں اس کو لگائیں۔ آواز اُونچی، لوگوں کو ہراساں کرنے والی نہ ہو۔
آپ اللہ کے احکامات سن سن کر ان پر عمل کرنے لگیں گے۔ اور عوام بھی۔ اپنی طبیعت سے متعلق بتاتے ہوئے ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا کہ اب تک مجھے روز ہزاروں ہمدردوں کی نیک خواہشات اور دُعائیں بذریعہ ای میل، ایس ایم ایس، واٹس ایپ موصول ہورہی ہیں اللہ پاک قبول فرمائے۔ آپ سب کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔ الحمداللہ اب پہلے سے صحت بہت بہتر اور خطرے سے باہر ہے صرف تھوڑی کمزوری ہے ان شااللہ وہ بھی جلد دور ہوجائے گی۔
حقیقت یہ ہے کہ میرا رب کبھی مجھے تنہا نہ چھوڑے گا۔ اپنے آخری کالم میں ڈاکٹر عبد القدیر خان نے گذشتہ کالم میں قرآن پاک کی آیات کے نام غلط شائع ہونے پر معذرت بھی کی اور کہا کہ چھلے کالم میں سورہ یوسف کی جگہ سورہ کہف لکھ دیا گیا تھا اور سورہ قمر کی جگہ سورہ حجرات شائع ہوگیا تھا۔ صحیح کرلیں، معذرت خواہ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں