پاکستانی شائقین کرکٹ سنسی خیز میچز دیکھنے کیلئے تیار ہو جائیں

نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا، پاک کیویز سیزیز نومبر میں ہونے کا امکان

لاہور (اسپورٹس ڈیسک) پاکستانی شائقین کرکٹ سنسی خیز میچز دیکھنے کیلئے تیار ہو جائیں، نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا، پاک کیویز سیزیز نومبر میں ہونے کا امکان۔ تفصیئلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور انگلش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے بعد مایوسی کا شکار ہو جانے والے پاکستانی شائقین کرکٹ کو بڑی خوشخبری سنائی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہاں ہے، پاکستان اور کیویز کے درمیان رواں سال نومبر میں سیریز کے انعقاد کا امکان ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا بتانا ہے کہ انگلینڈ کے یہاں نہ آنے پر وزیراعظم بورس جانسن کو جواب دینا پڑا جب کہ بغیر کھیلے وطن واپس پر نیوزی لینڈ دباؤ کا شکار ہے، دورہ ری شیڈول سے متعلق جلد اچھی خبر ملے گی۔

رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو نمبر ون بنانا چاہتے ہیں، جب تک ٹیم نمبر ون نہیں بنے گی کسی کی کوئی کارکردگی نہیں مانوں گا۔ چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ اورانگلینڈ کی جانب سے دورہ منسوخی پر آئی سی سی کو سخت خط لکھا، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو بھی جواب دینا پڑا ہمارے دباؤ سے نیوزی لینڈ دورہ ری شیڈول کررہی ہے اگلے ہفتے اچھی خبر سامنے آئے گی۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید واضح کیا کہ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے دورے برقرار ہیں، اب آسٹریلیا پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے سے پہلے سو بار سوچے گا۔ یہاں واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز گزشتہ ماہ سے ہونا تھا، تاہم سیریز کے افتتاحی میچ کے آغاز سے چند گھنٹے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سیکورٹی خدشات کا بہانہ کر کے اپنی ٹیم کو واپس بلا لیا تھا۔
جبکہ اس پیش رفت کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی انگلش کرکٹ ٹیم کا مختصر دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ ان متنازعہ فیصلوں کے بعد نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، اور اب دونوں ٹیمیں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہاں ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ممکنہ طور پر نومبر میں پاکستان آ سکتی ہے، جبکہ انگلینڈ ٹیم آئندہ سال مکمل سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں