فخر زمان اور شاہنواز دھانی کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کی تیاریاں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان کے اسکواڈ میں تبدیلیوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

لاہور (اسپورٹس ڈیسک ) فخر زمان اور شاہنواز دھانی کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کی تیاریاں۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان کے اسکواڈ میں تبدیلیوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے اعلان کردہ ٹیم میں کم از کم 2 تبدیلیوں کے قوی امکانات ہیں۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے بعد فاسٹ باولر شاہنواز دھانی اور جارح مزاج بلے باز فخر زمان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے متحدہ عرب امارات لے جانے کے امکانات واضح ہیں۔

تاہم یہ واضح نہیں کہ پہلے سے اعلان کردہ ٹیم میں سے کن کھلاڑیوں کو ڈراپ کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جمعہ 8 اکتوبر کو پی سی بی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے حتمی اسکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا، جس کے بعد ٹیم میں دوبارہ کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آئندہ ہفتے متحدہ عرب امارات کیلئے روانہ ہو جائیں گے، جہاں پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت کیخلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں