یمن میں فوجی ہیڈکوارٹر پر میزائل حملے میں 3بچے جاں بحق، 33افراد زخمی

صنعا(انٹرنیشنل ڈیسک) یمن کے شہر مارب میں حوثی باغیوں نے فوجی ہیڈکوارٹر پر میزائل داغے جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور 33 افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وسطی شہر مارب میں حوثی باغیوں نے فوجی علاقوں پر میزائل حملے کیے۔ دو میزائل فوجی رہائشی علاقے میں گرے جبکہ ایک میزائل اتحادی افواج کے ہیڈکوارٹر میں دفتر کے نہایت قریب گرا۔

میزائل حملوں میں 3بچے جاں بحق ہوگئے جن کی عمریں 2 سے چار سال کے درمیان تھیں جبکہ 33افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں میں بھی بچے اور خواتین شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں 7 ماہ سے 16 سال کے درمیان ہیں۔حوثی باغیوں کی جانب سے میزائل حملے کی ذمہ داری کے حوالے سے حکومتی الزام کی نہ تردید اور نہ ہی تصدیق کی ہے۔مارب یمن کے شمالی حصے میں سعودی اتحادی افواج کا آخری گڑھ ہے۔ قدرتی گیس سے مالامال شہر ہونے کے باعث متحارب گرپس کے درمیان شہر کے قبضے کے لیے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں