’سینیٹ الیکشن ہارے تو عمران خان اسمبلیاں تحلیل کردیں گے‘ بڑی پیش گوئی کردی گئی

اسلام آباد (جنرل ڑپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمائ چوہدری اعتزاز احسن نے پیش گوئی کی ہے کہ سینیٹ الیکشن ہارے تو وزیر اعظم عمران خان اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی رکن اس وقت نہیں چاہتا کہ اسمبلیاں تحلیل کی جائیں ، لیکن اگر پاکستان تحریک انصاف سینیٹ الیکشن ہار گئی تو وزیر اعظم عمران خان اسمبلیاں تحلیل کردیں گے کیوں کہ اس کے بعد انہیں یہ بیانیہ بنانے کا موقع مل جائے گا کہ ان کے پاس اکثریت نہیں تھی اس لیے وہ اپنے وعدے پورے نہیں کرسکے اور اسمبلیاں تحلیل کردیں ، جس کی بنیاد پر وہ دوبارہ ووٹ مانگ سکیں گے۔
سینئر وکیل رہنماءنے کہا کہ سپریم کورٹ میں بڑی دراڑ پڑی ہوئی ہے ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے اختلافی نوٹ کو پبلک کیے جانے کے بعد اس سے ان کی جانبداری مزید کھل کر سامنے آگئی ، کیوں کہ اگر اس اختلافی نوٹ کی زبان دیکھیں تو وہ بہت ہی فرسٹریشن پر مبنی لگتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں چوہدری اعتزاز احس نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے، وزیر اعظم ترقیاتی فنڈز کیس میں 4 ججز نے اپنے ساتھ بیٹھے ہوئے جج کو کہا کہ آپ یہ مقدمہ نہیں سن سکتے، میرے علم کے مطابق پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا ، ہونا تو یہ چاہیے کہ جس بینچ نے نوٹس دیا ہو اس کے دونوں ججز لارجر بینچ میں آئیں، تمام صوبوں اور چیف جسٹس آف پاکستان اختیار رکھتے ہیں کہ وہ بینچ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو اس بینچ میں بیٹھنا ہی نہیں چاہیے تھا،بنچ میں بیٹھنے یا نہ بیٹھنے کا فیصلہ جج کو نہیں کرنا چاہیے، پاکستان میں عدلیہ کے ہاتھوں بہت غلط نظیریں بھی رکھی گئی ہیں جب کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بھی بہت انوکھاکام کیا ، بینچ کی طرف سے کاغذ ات پیش کرنے پر باقی بینچ نے انہیں کیس سے روکا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں