کئی گھنٹوں کی بندش کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز بحال

فیس بک کے ویب نظام میں تبدیلیاں لانے کی کوشش کی گئی اور اسی دوران پورا نیٹ ورک ہی بیٹھ گیا، واٹس ایپ سروس تاحال بحال نہ ہو سکی

اسلام آباد(حالات نیوز ڈیسک ) کئی گھنٹوں کی بندش کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز بحال، واٹس ایپ سروس تاحال بحال نہ ہو سکی- تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز کو لمبی بندش کا سامنا کرنا پڑا- تاہم اب فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز کو بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ واٹس ایپ کی سروس ابھی بھی بند ہے-میڈیا رپورٹس کے مطابق فیس بک کے ویب نظام میں تبدیلیاں لانے کی کوشش کی گئی اور اسی دوران پورا نیٹ ورک ہی بیٹھ گیا۔
بارڈر گیٹ وے پروٹوکول اپ گریڈ کرنے سے فیس بک کی تمام سروسز انٹرنیٹ سے غائب ہوگئیں۔ بتایا گیا ہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور وٹس ایپ تینوں مختلف سروسز ہیں تاہم ان کا انفراسٹرکچر مشترکہ ہے، اسی باعث ایک سروس کے نظام میں خرابی کی وجہ سے باقی تمام سروسز بھی بیٹھ گئیں۔

فیس بک حکام کا کہنا ہے کہ مسئلے کو جلد سے جلد حل کر کے سروسز بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

فیس بک حکام کی جانب سے سروسز کی معطلی کے حوالے سے کچھ دیر پہلے بھی ردعمل دیا گیا تھا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ ہم جانتے ہیں کہ کچھ لوگوں کو ہماری ایپس تک رسائی میں دشواری ہو رہی ہے۔ ہم چیزوں کو جلد سے جلد معمول پر لانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا کمپنی فیس بک کی تمام سروسز کی بندش کو فیس بک کی تاریخ کا سب سے بدترین بحران قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق فیس بک کمپنی کو کبھی بھی اپنی سروسز کی اس قدر طویل اور مکمل بندش کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس وقت فیس بک کمپنی کا پورا ہی نیٹ ورک بیٹھا ہوا ہے۔ ٹوئٹر پر دنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فیس بک، انسٹاگرام اور وٹس ایپ سروسز کی بندش پر ٹرینڈز چلائے گئے ہیں اور جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مذکورہ سوشل میڈیا ویپ سائٹس اور پیغام رسانی کی ایپ تک رسائی میں کیوں مشکلات کا سامنا ہے۔ یاد رہے کہ فیس بک، انسٹاگرام دنیا میں سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی سوشل میڈیا ویب سائٹس ہیں، جبکہ وٹس ایپ پیغام رسانی کیلئے استعمال ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی سروس ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں