شراب پینے کی پیشکش پر باکسرخبیب کا دلچسپ جواب

سر ایلکس فرگوسن نے مجھ سے شراب کا پوچھا، میں نے انہیں کہا یہ اچھی نہیں، اگر میں نے شراب پی لی تو تم سب کو ماروں گا: روسی باکسر

لاہور (اسپورٹس ڈیسک ) روس سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ باکسر خبیب نورماگومیدوف نے پینے کیلئے الکوحل کی پیشکش پر دلچسپ جواب سے حاضرین کو مسکرانے پر مجبور کر دیا۔ خبیب اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں مانچسٹر یونائیٹڈ کا فٹ بال میچ دیکھنے گئے تھے اور انہوں نے وہاں شرٹ نمبر7 کیساتھ تصویر بھی بنوائی۔

سابق فٹبالر سرایلکس فرگوسن نے خبیب کو شراب پینے کی پیش کش کی جس پر باکسر نے انہیں پرمزاح جواب دیا۔
خبیب نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’میرے تمام دوست اور فینز جانتے ہیں کہ میں حلال کھاتا ہوں اور شراب نہیں پیتا، آج جب میں اولڈ ٹریفورڈ میں تھا تو میرے ساتھ یوسین بولٹ اور سرایلکس فرگوسن بھی تھے، سر ایلکس فرگوسن نے مجھ سے شراب کا پوچھا، یہ ان کیلئے اچھی ہوگی، میں سیدھے سادھے طریقے سے بھی انہیں کہہ سکتا تھا کہ میں مسلمان ہوں، شراب نہیں پیتا لیکن میں نے انہیں کہا یہ اچھی نہیں ہے اگر میں نے شراب پی لی تو تم سب کو ماروں گا، یہ اچھا مشورہ نہیں ہے‘‘۔

روسی باکسر نے مزید کہا کہ ’مسلمان ہونا آسان نہیں لیکن آپ اس کو اتنا مشکل بھی نہ بنائیں، اچھے بنیں اور دوسروں کو دکھائیں کہ آپ اچھے مسلمان ہیں‘۔ خبیب نے کہا کہ ’’یوسین بولٹ اور دیگر لوگ اصل بات سمجھ گئے تھے لیکن سرایلکس فرگوسن چونکہ یہ نہیں چاہتے تھے کہ میں سب کو ماروں تو انہوں نے کہا ٹھیک ہے تم نہ پیو‘‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں