عمرہ زائرین پر عائد پابندی رواں ماہ ختم ہونے کا امکان

پاکستانی عازمین جلد خوشخبری سنیں گے، سعودی حکومت کیساتھ بات چیت جاری ہے: وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عمرہ زائرین پر عائد پابندی رواں ماہ ختم ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی جانب سے طویل عرصے سے عمرہ ادائیگی سے محروم پاکستانی عازمین کو بڑی خوشخبری سنائی گئی ہے۔ پیر نور الحق قادری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستانی عازمین حج و عمرہ جلد خوشخبری سنیں گے، رواں ماہ عمرہ پر عائد پابندی کے ختم ہونے کے قوی امکانات ہیں، جبکہ اس حوالے سے سعودی حکومت کیساتھ بات چیت جاری ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پروپیگنڈا کی وجہ سے پاک سعودیہ تعلقات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے حج و عمرہ پر پابندی کے حوالے سے خبروں سے متعلق میڈیا ذمے داری کا مظاہرہ کرے۔ پیر نور الحق قادری کے مطابق پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کیلئے سنہری دور آنیوالا ہے، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور اور جائنٹ سیکرٹری سعودی عرب کا دورہ کرکے آنیوالے حج کے حوالے سے بات چیت کرینگے اور وفاقی سطح پر معاہدہ ہونے کے بعد وہ خود بحیثیت وفاقی وزیر سعودی عرب جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ کورونا وبا میں سعودی عرب کی پالیسیوں کے حوالے سے میڈیا، سیاستدانوں اور دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں کے پروپیگنڈا کی وجہ سے بھی پاک سعودیہ تعلقات کو نقصان پہنچ سکتے ہیں کیونکہ سعودی حکومت کو حج و عمرہ نہ ہونے کی وجہ سے معاشی و سیاسی نقصان ہو رہا ہے۔ عازمین حج و عمرہ کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ حج اخراجات میں کمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،ملائشیاء کی طرز پر فنڈز قائم کریں گے جس کے تحت آئندہ 10 سال تک حج اخراجات مقرر ہو کر اس پر مستحکم رہیں گے۔ فضائی سفری کی بجائے بحری سفر کے ذریعے بھی عازمین حج و عمرہ کو لے جانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، جس سے اخراجات میں کمی آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں