عوام دشمن اور غریب کش حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں تاریخی اضافہ کر کے عوام کی جیب پر ایک اور ڈاکا مارا ہے‘حمزہ شہباز

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے پھر دیگر ممالک سے تقابلی جائزہ کرتے ہوئے حکومت کو شرم آنی چاہئے‘پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف

لاہور(بیورو رپورٹ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام دشمن اور غریب کش حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں تاریخی اضافہ کر کے عوام کی جیب پر ایک اور ڈاکا مارا ہے،پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے صرف گزشتہ 30 دنوں میں حکومت پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 9 روپے کا اضافہ کر چکی ہے،پچھلے تین ماہ میں وزیراعظم کی منظوری سے پیٹرولیم مصنوعات 7 مرتبہ مہنگی کر کے 21 روپے تک کا اضافہ کیا گیا یہ عوام دشمنی نہیں تو اور کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ اس ملک کے عوام پر بجلی گیس اور مہنگائی کے بم گرانے کی سمریوں پر اپنے دستخط کرتے ہوئے عمران خان کو حیا نہیں آتی۔ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی 2 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اس بنا مہنگائی کا جو نیا سیلاب آئے گا اس سے نمٹنے کی حکومتی پالیسی کا کسی کو کچھ پتا بھی ہے۔
پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے پھر دیگر ممالک سے تقابلی جائزہ کرتے ہوئے حکومت کو شرم آنی چاہئے۔
کیا دیگر ممالک کی طرح ہماری معیشت بھی اتنی ہی مظبوط ہی کیا ہماری فی کس آمدنی بھی ان ممالک کے برابر ہے عوام دشمن حکومت تو 16 سو ڈالر کی فی کس آمدنی 11 سو ڈالر پر لے آئی ہے۔ اس حکومت نے تو 5.8 فیصد پر ترقی کرتی معیشت کو نااہلی اور کرپشن اور بدانتظامی کی زمین میں دفن کر دیا ہے۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر بھی 343 روپے مہنگا کر دیا ہے اوپن مارکیٹ میں ڈالر 172 روپے کا ہو گیا ہے ۔ فچ ریٹنگ نے تو ڈالر 180 روپے تک کے ہونے کی پیشگوئی کر دی ہے معیشت اور عوام کی یہ درگت بنانے پر اس اناڑی نااہل اور کرپٹ حکومت کا یوم احتساب بہت بھیانک اور جلد ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں