پاکستان نے کویتی فضائی کمپنیوں پر مشروط پابندی عائد کردی

کویت کی جانب سے پی آئی اے کو پروازوں کی اجازت نہ دینے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کویت کی دو ائیر لائن کی پروازوں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کویت کی جانب سے پی آئی اے کو پروازوں کی اجازت نہ دینے پر حکومت پاکستان کا سخت ردعمل، پاکستان نے کویتی فضائی کمپنیوں پر مشروط پابندی عائد کردی- تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کویتی فضائی کمپنیوں کی پروازوں کی تعداد کم کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق کویت کی جانب سے پی آئی اے کو پروازوں کی اجازت نہ دینے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کویت کی دو ائیر لائن کی پروازوں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کنہا ہے کہ پی آئی اے کو کویت کی جانب سے اجازت نہ دینا دونوں ریاستوں کے درمیان دو طرفہ فضائی خدمات کے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ سول ایوی ایشن کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان فضائی خدمات کے معاہدے میں طے شدہ شرائط کے مطابق کویت سے پی آئی اے سی کے فلائٹ آپریشن کی منظوری مشروط ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کی پروازوں کو کویت کی جانب سے عدم اجازت پر پاکستان سی اے اے مزید ریگولیٹری کارروائی شروع کرنے پر مجبور ہوگا۔

سول ایوی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ کویت ایئرویز اور جزیرہ ایئر ویز کی ہفتہ وار فلائیٹس میں سے ایک ایک فلائٹ کو یکم اکتوبر 2021 سے منسوخ کیا جارہا ہے، یہ سلسلہ اُس وقت تک رہے گا جب تک پی آئی اے پر عائد پابندی ختم نہیں کردی جاتی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سی اے اے کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کویت کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ ‘ہماری قومی ایئرلائن پر پروازیں کویت بھیجنے اور وہاں سے پرواز لانے پر سختی سے پابندی عائد ہے، کویتی سی اے اے کی جانب سے اس طرح کی کوئی منظوری نہیں دی گئی ہے’۔
انہوں نے کہا کہ کویتی حکام، پی آئی اے کو کویت میں آمد و رفت کے لیے فلائٹ آپریشن کی اجازت دیں، جیسا کہ کورونا وبا کے چیلنجز کے باوجود کویتی ایئرلائنز کو انتہائی سہولت فراہم کی گئی اور فلائٹ آپریشن کو بڑھایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں