انتہائی دلخراش واقعہ، میاں بیوی کے جھگڑے نے 6ماہ کے معصوم بچے کی جان لے لی

شوہر سے جھگڑ کر بیوی نے اپنے 2 بچوں کو زہر دے دیا، 6 ماہ کا شیر خوار اسپتال میں دم توڑ گیا، ذرائع

منڈی بہاؤ الدین (کرائم ڈیسک) انتہائی دلخراش واقعہ، میاں بیوی کے جھگڑے نے 6ماہ کے معصوم بچے کی جان لے لی، شوہر سے جھگڑ کر بیوی نے اپنے 2 بچوں کو زہر دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤ الدین میں خاتون نے شوہر سے جھگڑے کے بعد دو بچوں کو زہر دے دیا۔نجی ٹی وی کے نمائندے کے مطابق منڈی بہاؤ الدین کی رہائشی خاتون نے اتوار کے روز شوہر لڑائی کے بعد دو کمسن بچوں کو زیر دے دیا، جن میں سے ایک 6 ماہ کا شیر خوار دم توڑ گیا۔
بچوں کی حالت خراب ہوئی تو انہیں والد چلڈرن اسپتال کی ایمرجنسی میں لے کر پہنچا، جہاں ڈاکٹر نے دونوں بچوں کا علاج کیا مگر 6 ماہ کا بچہ زہر کی زیادتی کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکا اور دورانِ علاج دم توڑ گیا۔بچے کی ہلاکت کے بعد والد اور رشتہ داروں نے کالج چوک پر احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک کو بند کردیا، جس کے بعد یہاں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

مظاہرین نے بچے کی ماں اور سسرالیوں پر زہر دینے کا الزام بھی عائد کیا۔پولیس اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پہنچی اور مظاہرین کو انصاف فراہم کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ افسر نے کہا کہ واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے، معاملے کو دیکھنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ملتان میں 22 مئی کو تین بچوں کی ہلاکت ہوئی تھی، جس پر والدین نے دعویٰ کیا کہ انہیں اتائی ڈاکٹر نے کھانسی کی دوا دی، جس کو کھانے کے بعد بچوں کی حالت بگڑ گئی تھی۔
والدین نے بچوں کی موت کا ڈرامہ رچاتے ہوئے اتائی ڈاکٹر کو قصور وار ٹھہرایا تھا، جس پر محکمہ پنجاب نے جعلی ڈاکٹر کو گرفتار کر کے مقدمہ بھی درج کیا ۔ بعد ازاں‌ چوبیس گھنٹے کے اندر بچوں کے والد کی بھی اچانک پُراسرار موت کی خبر بھی سامنے آئی، جس کے بعد پولیس نے تفتیش کے دائرے کو مزید وسیع کیا۔ پولیس نے تفتیش کے دوران بچوں کی والدہ سے سوالات کیے تو انہوں نے خوفناک انکشاف کیا۔ ایس پی ملتان کامران کے مطابق والدین نے غربت سے تنگ آکر بچوں کو کھانسی کے نام پر زہریلی دوا کھلائی، جس کی وجہ سے اُن کی اموات ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں