مسلم لیگ نے عمران خان کو تاریخ کا کرپٹ ترین حکمران قرار دے دیا

عمران خان نے ایمانداری کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے ، یہ پاکستان کی تاریخ کا کرپٹ ترین حکمران ہے ، جس کے ہاتھ دوسروں کے جیب میں ہوتے ہیں۔ رہنماء ن لیگ محمد زبیر کا بیان

اسلام آباد (حالات نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ نے وزیراعظم عمران خان کو تاریخ کا کرپٹ ترین حکمران قرار دے دیا ، ن لیگی رہنماء محمد زبیر کہتے ہیں کہ عمران خان نے ایمانداری کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے ، یہ پاکستان کی تاریخ کا کرپٹ ترین حکمران ہے ، جس کے ہاتھ دوسروں کے جیب میں ہوتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ بیرون ملک سے آنے والے تحائف ہڑپ کر گئے ہیں ، اگر وزیراعظم کرپٹ نہیں تو تحائف کی تفصیلات بتائیں ، سال ہوگیا عمران خان نے کراچی کے لیے گیارہ سو ارب روپے کا اعلان کیا تھا جب کہ کراچی میں ن لیگ نے بڑے منصوبے شروع کیے۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کو ن لیگ نے این ایف سی کے علاوہ بھی حصہ دیا ، پورٹ قاسم میں بجلی کے 2منصوبے ن لیگ نے شروع کیے اور مکمل کیے ، ن لیگ کے اقدامات کی وجہ سے کراچی میں امن آیا ، کے فور منصوبہ ہم نے جہاں چھوڑا تھا آج بھی وہیں ہے ، گرین لائن منصوبے کا 80 فیصد انفراسٹرکچر ہم نے مکمل کیا ، ان لوگوں نے3 سالوں میں 40 بسیں منگوائی ہیں ، ہمیں زبردستی نہ ہٹایا جاتا تو کراچی کے لیے بہت سی بسیں آتیں۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے ایک ٹی وی پروگرام میں اطہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بے روزگاری اور مہنگائی سمیت کسی چیز کی ذمہ داری نہیں لیتی تویہ لوگ حکومت کیوں کرتے ہیں؟ پاکستان تحریک انصاف چوری کرتے ہوئے پکڑی گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ تحائف کی تفصیلات نہیں دی جا رہیں۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کو بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف کی تفصیلات شیئر کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد حکومت کی جانب سے شہری کو وزیراعظم کے تحائف کی تفصیلات دینے کا انفارمیشن کمیشن کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں