وہاڑی ؛ جعلی پیر نے جن اتارنے کا بہانہ بنا کر ذہنی معذور خاتون کو آگ لگا دی

ٹبہ سلطان پور تھانے نے فوری ایکشن لیتے ہوئے جعلی پیر معصوم شاہ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا

وہاڑی ( حالات کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں جعلی پیر نے جن اتارنے کا بہانہ بنا کر ذہنی معذور خاتون کو آگ لگا دی ، ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع وہاڑی کی یونین کونسل میں جعلی پیر کی طرف سے جن اتارنے کا بہانہ بنا کر ذہنی معذور خاتون کو آگ لگانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جس پر ٹبہ سلطان پور تھانے نے فوری ایکشن لیتے ہوئے جعلی پیر معصوم شاہ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ، پولیس کی جانب سے جعلی پیر کے مزید 5 ساتھیوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں اقدام قتل سمیت دیگر سنگین دفعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
دوسری طرف ساہیوال میں حافظ قرآن لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں سہیلی کی ماں نے متاثرہ لڑکی کو قرآن خوانی میں شرکت کیلئے گھر لے جاتے ہوئے اغوا کروایا اور پھر 3 افراد کے ہاتھوں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنوا ڈالا ، یہ واقعہ ساہیوال کے نواحی علاقے چک 52 فائیو ایل میں پیش آیا جہاں حافظ قر آن 16 سالہ لڑکی کی عزت تار تار کر دی گئی، محمد عرفان ،محمد رفیق،منیر احمد نامی جنسی درندوں نے 2 خواتین کی مدد سے متاثرہ لڑکی کو اغوا کرنے کے بعد اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد 5 افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا اور اب تک دو ملزمان عرفان اور محمد رفیق کو گرفتار کیا جا چکا ، متاثرہ لڑکی کو 11ستمبر کو قرآن خوانی میں شرکت کے بہانے اس کی سہیلی کی ماں گھر سے لے کر نکلی اور پھر راستے میں پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت طالبہ کو اغوا کر لیا گیا ، محمد عرفان،محمد رفیق اور منیر احمد نامی ملزمان اپنی ساتھی خواتین کیساتھ مل کر متاثرہ لڑکی کو ایک گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں معصوم لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں