پیپلز پارٹی کیلئے بڑی سیاسی شرمندگی

سینیٹر دلاور خان کے بیٹے اور بھائی نے پی پی میں شمولیت کے اعلان کے چند گھنٹے بعد ہی فیصلہ تبدیل کر دیا

کراچی (حالات نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی کیلئے بڑی سیاسی شرمندگی، سینیٹر دلاور خان کے بیٹے اور بھائی نے پی پی میں شمولیت کے اعلان کے چند گھنٹے بعد ہی فیصلہ تبدیل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے ہفتے کے روز اس وقت خوشی سے جھوم اٹھے جب یہ خبر سامنے آئی کہ آزاد حیثیت میں ایوان بالا میں بیٹھنے والے سینیٹر دلاور خان کے بھائی اور بیٹے نے پی پی میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بتایا گیا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی دعوت پر سینیٹر دلاور خان کے بیٹے اور بھائی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا، عدنان خان اور اعظم خان اتوار کے روز پی پی میں شمولیت کا اعلان کرنا تھا، بتایا گیا کہ اعظم خان کا تعلق مسلم لیگ(ن) سے تھا اور عدنان خان گزشتہ انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے آزاد امیدوار تھے۔

جبکہ سینیٹر دلاور خان سینیٹ میں آزاد گروپ کے پارلیمانی لیڈر ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دلاور خان نے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کے بات اپنے بھائی اور بیٹے سے رابطہ کیا اور پھر طویل مشاورت کے بعد دونوں کو پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ بدلنے پر مجبور کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کی جانب سے اس پیش رفت کو پیپلز پارٹی کی سیاسی شرمندگی قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز پیپلزپارٹی نے سندھ میں فنکشنل لیگ کی اہم سیاسی وکٹ گرائی، فنکشنل لیگ کے اکبر شاہ راشدی اور مہتاب اکبر راشدی نے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا، فنکشنل لیگ کے رہنماء اکبرشاہ راشدی نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کی تصدیق کردی، اکبر راشدی نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کے فیصلے پر پیرپگارا نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس سے قبل مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے مظہرعباس اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رانا امجد علی بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں۔ چئیرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے دوران مظہر عباس اور رانا امجد علی نے پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ قبل ازیں رواں سال جون میں تحریک انصاف کے مقامی رہنما سردار عزیز50 ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ گزشتہ دنوں پیپلز پارٹی نے ن لیگ کی بھی بڑی وکٹیں گرائی تھیں۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں