وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ویکسین نہ لگوانے والوں پر پابندیوں کا عندیہ دے دیا

کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر مختلف پابندیاں لگنے والی ہیں، ویکسین لگوائیں ورنہ پابندی لگے گی، سہولتیں جائیں گی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید

اسلام آباد (حالات نیوز ڈیسک) : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں خبردار کرتے ہوئے مزید پابندیاں عائد کیے جانے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کورونا وبا سے متعلق قوم کے نام پیغام میں کہا کہ این سی او سی نے کورونا کے خلاف زبردست کام کیا ہے جسے دنیا تسلیم کرتی ہے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ 30 ستمبر تک ویکسین لگوائیں ورنہ پابندی لگیں گی اور سہولتیں جائیں گی۔ شیخ رشید نے قوم سے کورونا ویکسین لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 30 ستمبر تک دوسری ڈوز بھی لگوا لیں، کیونکہ 30 ستمبر کے بعد مختلف قسم کی پابندیاں لگنے جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی وہ 30 ستمبر کے بعد بہت سی سہولیات سے محروم ہو جائیں گے، اپنے لیے اور اپنے ملک کے لیے ویکسین لگوائیں، 30 ستمبر سے پہلے پہلے ویکسین کی دونوں ڈوز مکمل کر کے اپنے خاندان اور اولاد کو بچائیں اور ملک کی خدمت کریں۔

دوسری جانب کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف سندھ بھر میں کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ کراچی میں پولیس نے کورونا ویکسی نیشن کارڈ کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں ویکسی نیشن کارڈ نہ ہونےکی صورت میں صرف انتباہ کرکے چھوڑ دیا جائےگا ۔ جبکہ سکھر میں گذشتہ روز ویکسین کارڈ نہ ہونے پرگرفتارکیےگئے 91 افراد کو عدالت میں پیش کردیا گیا، تمام افرادکو ضمانت پر رہائی مل گئی ۔ ان افراد کو مارکیٹ ، شاپنگ مالز ، ریسٹورنٹس اور دیگر مقامات پر چیکنگ کے دوران گرفتار کیا گيا تھا ، ان کے خلاف 16 مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہيں۔ تاہم اب ملک بھر میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف کارروائیاں کیے جانے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں