راجہ پرویز اشرف کے لیے ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی

عدالت نے سابق چیئرمین اوگرا کی غیر قانونی تقرری پر نیب ریفرنس میں پی پی رہنماء کی بریت کی درخواست مسترد کر دی، احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کے خلاف ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دے دیا

اسلام آباد (حالات نیوز ڈیسک) احتساب عدالت نے سابق چیئرمین اوگرا کی غیر قانونی تقرری پر نیب ریفرنس میں راجہ پرویز اشرف کی بریت کی درخواست مسترد کر دی ، سابق وزیر اعظم پی پی رہنماء راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کے خلاف ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق عدالت کی جانب سے بریت کی درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیا ہے ، جس میں عدالت نے کہا ہے کہ ملزمان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکام رہے ، توقیر صادق کی تقرری میں جن لوگوں کو نظر انداز کیا گیا وہ بھی بطور گواہ پیش ہوئے اور توقیر صادق کے خلاف قومی خزانے کو نقضان پہنچانے کا ریفرنس بھی دائر ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ راجہ پرویز اشرف ، توقیر صادق تقرری کمیٹی کے چیئرمین اور یوسف رضا گیلانی تقرری اتھارٹی تھے جبکہ توقیر صادق کی تعلیم ، تجربہ کم اور اسناد بھی غیر تصدیق شدہ تھیں اور توقیر صادق نے جن کمپنیوں کا تجربہ ظاہر کیا وہ جعلی ثابت ہوئیں۔

دوسری جانب رینٹل پاور کیس میں بھی سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور دیگر ملزمان کے خلاف گھیرا تنگ ہوگیا ، نیب نے ضمنی ریفرنس دائر کر دیا، نیب ضمنی ریفرنس کارکے کمپنی کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدے کے بعد دائر کیا گیا، نیب نے سیٹلمنٹ کی روشنی میں حاصل شواہد پر ریفرنس دائر کیا، نیب کی طرف سے کارکے ضمنی ریفرنس میں 14 دستاویزی شواہد شامل ہیں۔

قومی احتساب بیورو نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور دیگر ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کر دیا ، نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ضمنی ریفرنس میں سابق ایم ڈی پیپکو رسول خان محسود کو مرکزی ملزم بنایا گیا ، ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ رسول خان محسود نے 10 ہزار امریکی ڈالر رشوت لی تھی ، جس کے عوض رسول خان نے کارکے کمپنی کو غیرقانونی فوائد دیئے، کنٹریکٹ لینے والی کمپنی بنیادی کوالی فکیشن پر پوری نہیں اترتی تھی لیکن رسول خان محسود ماتحتوں پر دباؤ ڈالتے رہے، رسول خان محسود نے کمرشل آپریشن ڈیٹ کا جعلی سرٹیفکیٹ دیا جب کہ کیس کے 2 نامزد ملزمان انور بروہی اور رانا امجد پلی بارگین کر چکے ہیں ، انور بروہی لاکھڑا پاور جنریشن کے سابق سی ای او تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں