سی ٹی ڈی ان ایکشن ، پنجاب بھر سے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا

کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے صوبے کے مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 39 کارروائیاں کیں

لاہور ( حالات بیورو رپورٹ ) انسداد دہشت گردی کے محکمہ سی ٹی ڈی نے صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 39 کارروائیاں عمل میں لائی گئیں اس دوران سی ٹی ڈی نے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ لاہور سے کالعدم تنظیم کے4 دہشت گرد وں کو گرفتارکیا گیا ، جن میں مشتاق، سمیع اللہ، عادل جمال اور اسامہ شامل ہیں اس کے علاوہ حافظ آباد سے کالعدم تنظیم کے لیے چندہ اکٹھا کرنے والے مشالی خان کو گرفتار کیا گیا ، جس کے قبضے سے چندے کی رسیدیں ، کاربن پیپر اور9 ہزار 250 روپے بھی برآمد کیے گئے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گوجرانوالہ سے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد حافظ عبدالرحمان کو گرفتار کیا گیا ، ملزم ممنوعہ لٹریچر تقسیم کر رہا تھا ، اس کے قبضے سے شناختی کارڈ اور 1600 روپے بھی برآمد ہوئے جب کہ فرقہ ورانہ وال چاکنگ کرنے والے کاشف محمود اور منصور احمد نامی 2 افراد کو شیخوپورہ سے گرفتار کیا گیا۔

علاوہ ازیں صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے3 مبینہ خودکش بمبار گرفتار کرلیے، گرفتار دہشتگردوں سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا، گرفتار دہشتگرد غیرملکیوں کے قافلے پر خودکش حملے کی سہولتکاری میں ملوث تھے ، تربت میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی، سی ٹی ڈی نے کاروائی کے دوران 3 مبینہ خودکش بمبار گرفتار کرلیے ہیں، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا ہے، گرفتار دہشتگرد غیرملکیوں کے قافلے پر خودکش حملے کی سہولت کاری میں ملوث تھے۔
مزید برآں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے خاران میں خفیہ اطلاع پر ایف سی نے آپریشن کیا، فورسز نے آپریشن کے دوران چھ دہشتگرد ہلاک کردیے، ہلاک دہشتگردوں میں ان کے دو کمانڈر بھی شامل ہیں،دہشتگردوں کے 2 کمانڈر گل میر عرف پلن اور کلیم اللہ بولانی ہلاک کردیے گئے، فورسز نے آپریشن کے دوران بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خاران کے قریب آپریشن دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے پر کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں