دورہ پاکستان ملتوی لیکن آئی پی ایل کھیلنے کی اجازت، مائیکل ایتھرٹن اپنے کرکٹ بورڈ پر برہم

ای سی بی کا یہ فیصلہ بھارت کے مانچسٹر ٹیسٹ سے دستبرداری کے فیصلے سے بھی بدتر ہے: سابق برطانوی کپتان

لندن (حالات بیورو رپورٹ) انگلش کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کی دیکھا دیکھی پاکستان کا دورہ ملتوی تو کردیا لیکن اپنی ہی حکومت اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بن گئے۔ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ یہ بات حیران کن ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی فلاح کا حوالہ دیتے ہوئے دورہ پاکستان منسوخ کردیا لیکن کھلاڑیوں کو 3 ماہ تک جاری رہنے والے آئی پی ایل میں کھیلنے کی اجازت دے دی۔
برطانوی اخبار ’دی ٹائمز‘ میں لکھے گئے اپنے کالم میں انہوں نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ای سی بی کا یہ فیصلہ بھارت کے مانچسٹر ٹیسٹ سے دستبرداری کے فیصلے سے بھی بدتر ہے۔ انگلینڈ کی کرکٹ برادری میں یہ سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ کیسے چند انگلش کھلاڑی، جنہیں پاکستان میں مختصر 2 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنی تھی، اب اپنی آئی پی ایل فرنچائزز میں ضرورت پڑنے پر پلے آف مرحلے میں کھیل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے پیچھے موجود وجہ کو سمجھنا مشکل ہے۔ اس سے پہلے سابق انگلش کپتان مائیکل وان کا کہنا تھا کہ دیکھتے ہیں اب آئی پی ایل مانچسٹر ٹیسٹ کی طرح منسوخ ہوتی ہے یا نہیں۔ آئی پی ایل میں ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس پر ردعمل دیتے ہوئے مائیکل وان کا کہنا تھا کہ گارنٹی دیتا ہوں کہ آئی پی ایل منسوخ نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں بھارتی کوچ روی شاستری اور تین دیگر سپورٹ سٹاف ممبران کے کوویڈ ٹیسٹ مثبت آنے پر بھارت اور انگلینڈ کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں