عمران خان نے عوام کی وجہ سے اپنا بہترین دوست چھوڑ دیا

چینی کی مہنگائی کی وجہ سے ایک بات آئی تو وزیراعظم نے آپ کے لئے، ہمارے بچوں کیلئے اپنے دوست کو بھی چھوڑ دیا، امیر آدمی کی تو کوئی بھی دوستی نہیں چھوڑتا۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کا تقریب سے خطاب

ڈیرہ اسماعیل خان(حالات نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو بڑے بحران سے بچا لیا، ایک ادارے کے سربراہ نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر کہا تھا کہ اس وقت ملک جن حالات میں ہے اگر ہمیں بھی حکومت مل جائے تو ملک چلانا بہت مشکل ہو گا۔
وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کی وجہ سے اپنے بہترین دوست کو چھوڑ دیا،اس پر چینی کی مہنگائی کی بات آئی تو عمران خان نے عوام کے لیے دوستی چھوڑ دی،عمران خان اس قوم کی جنگ لڑ رہے ہیں۔کوئی کسی کے لیے اپنا بہترین دوست نہیں چھوڑتا لیکن عمران خان نے وہ بھی کیا۔ وزیراعظم نے آپ کے لئے، ہمارے بچوں کیلئے اپنے دوست کو بھی چھوڑ دیا، امیر آدمی کی تو کوئی بھی دوستی نہیں چھوڑتا۔

علی امین گنڈا پور نے کہاکہ موجودہ حکومت جب برسراقتدار آئی تو ملک کے معاشی حالات بہت خراب تھے، 20 ارب ڈالر خسارے کا سامنا تھا، کاشتکاروں کو ان کی فصلوں کا معاوضہ نہیں مل رہا تھا، زرعی زمینوں پر رہائشی کالونیاں بنائی جا رہی تھیں اور شوگر مافیا کا راج تھا لیکن وزیراعظم عمران خان نے عوام کیلئے اصولوں کی سیاست کی ہے، گنے کے کاشتکاروں کو پہلی مرتبہ ان کی فصل کا وہ معاوضہ ملا ہے جو پہلے کبھی نہیں ملا، قرضوںکی قسطیں ادا کی گئیں، ملک کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے، معیشت اب مستحکم ہے، کورونا کے دوران وزیراعظم عمران خان نے جو حکمت عملی اپنائی، پوری دنیا نے اسے سراہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ خودداری اور خودمختاری کے بغیر کوئی قوم عظیم قوم نہیں بن سکتی، ماضی میں حکمرانوں نے پیسے کیلئے عوام پر دوسروں کی جنگیں مسلط کیں لیکن اس کے باوجود ڈومو رکے مطالبے ہو رہے تھے لیکن وزیراعظم عمران خان نے اس حوالہ سے واضح پالیسی اپنائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر رشوت دینے سے انکار کر دیا جائے تو رشوت ستانی خودبخود ختم ہو جائے گی۔
راشی اہلکاروں کے خلاف شکایت کی جانی چاہئے، اس پر ان کے خلاف ایکشن ہوگا، ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائے بغیر انصاف نہیں ملتا۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھوکا نہ سوئے، موجودہ حکومت کا انتہائی اہم پروگرام ہے، مہنگائی کی وجہ وہی لوگ ہیں جو دوبارہ مسلط ہونا چاہتے ہیں، عمران خان اگر انہیں این آر او دے دیں تو وہ انہیں تاحیات وزیراعظم بھی بنا دیں گے لیکن عمران خان اصولوں پر کھڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں