بیرون ملک سفر کے خواہشمند افراد کے لیے بُری خبر

غیر ملکی ایئرلائنز نے کراچی اور لاہور کے بعد اب اسلام آباد سے بھی بیرون ممالک جانے والی پروازوں کے کرایوں میں اچانک اضافہ کردیا
اسلام آباد (حالات نیوز ڈیسک) : غیر ملکی ائیرلائنز نے پاکستان کے مختلف شہروں سے جانے والی پروازوں کے کرایوں میں اچانک اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے متحدہ امارات، امریکہ اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے کرایوں میں تین سو فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ کا 1 لاکھ کا یکطرفہ کرایہ اضافہ کے ساتھ اب 4 لاکھ روپے کا ہوگیا ہے۔
جبکہ برطانیہ کا وہ ٹکٹ بھی تین لاکھ روپے میں ملنے لگا ہے جو پہلے ایک لاکھ کا ملتا تھا۔اس کے علاوہ دبئی کا 40 سے 60 ہزار روپے ملنے والا ریٹرن ٹکٹ اب 1 لاکھ 40 ہزار کا کردیا گیا ہے۔ کرایہ بڑھنے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مسافروں نے شکایت کی کہ پروازیں کم ہونے سے کرایہ زیادہ دینا پڑھ رہا ہے، لیکن پروازیں کم ہونے میں ہمارا کیا قصور ہے، ہم مہنگے داموں ٹکٹ کیوں خرید رہے ہیں۔

کرایوں میں تین گنا اضافے سے متعلق ٹریول ایجنٹ نے کہا کہ 50 فیصد پروازوں کا آپریشن معطل ہونے سے ائیر لائنز نے کرایوں میں اضافہ کر رکھا ہے، سفری اجازت ملنے سے رش زیادہ ہے اس لیے ٹکٹ مہنگے ہیں۔ ٹریول ایجنٹ نے مؤقف اپنایا کہ پروازیں بڑھانے سے مسافروں کا رش کم ہوگا تو ٹکٹ کی قیمتوں میں کمی ہوگی۔ دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تاحال پروازوں میں اضافہ کا پلان حتمی نہیں کیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کے پیش نظر 50 فیصد پروازوں کو چلانے کی اجازت بھی دے رکھی ہے۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تاحال پروازوں کی تعداد میں اضافہ کا امکان نہیں ہے۔ بڑے جہازوں میں کورونا وائرس ایس او ہیز کے تحت 80 فیصد مسافر سفر کر سکیں گے، جبکہ درمیانے جہازوں میں 90 فیصد مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں