بابراعظم ایسا کپتان بنے جو یاری دوستی نبھانے کی بجائے ٹیم کا سوچے: رمیز راجہ

بابر کو تگڑا کپتان بنانا چاہتا ہوں جو بورڈ سلیکشن کے کسی کے پریشر میں نہ آئے، جس کیلئے لڑنا اور جیت کی کوشش کرنا ہی سب کچھ ہو: چیئرمین پی سی بی

لاہور (حالات اسپورٹس ڈیسک ) چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا ہے کہ بابراعظم کو تگڑا کپتان بنانا چاہتا ہوں ایسا کپتان جو بورڈ سلیکشن کے کسی کے پریشر میں نہ آئے۔ ایسا کپتان جو چیئرمین کرکٹ بورڈ کی جگہ میڈیا پر جائے، ایسا کپتان جو یاری دوستی نہیں پوری ٹیم پورے ملک کیلئے ایک سوچ رکھے، ایسا کپتان جس کیلئے لڑنا اور جیت کی کوشش ہی سب کچھ ہو۔
چند روز قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ رمیز راجہ مجھے بطور کپتان سپورٹ اور پورا بیک کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ سے خصوصی ملاقات بھی کہ جس میں انہوں نے کھلاڑیوں کو بے خوف ہو کر ورلڈ کپ کھیلنے کا مشورہ دیا۔

وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ نیوزی لینڈ انگلینڈ کے دورہ منسوخی کا بہترین پرفارمنس سے جواب دیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے،آپ اپنی پرفارمنس بہتر بنانے پر فوکس کریں، جلد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے کامیابی کے اصول وضع کر رکھے ہیں، کامیابی کا راستہ سچائی اور ایمانداری کا راستہ ہے، وہ ٹیم کبھی نہیں جیتتی جو ہار سے بچنے کیلئے کھیلے،میں جب کھیلتا تھا تو ہم نے کرکٹ کو برے حالات سے نکال کر ورلڈ کپ جیتا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ٹیم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، پوری دنیا پاکستانیوں کے ٹیلنٹ کو تسلیم کرتی ہے، میدان میں جب اتریں تو خود اعتمادی اور جیتنے کے جذبے سے اتریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ کو ٹیم اور قوم کیلئے کھیلنا ہے،پوری قوم کی نظریں آپ پر ہیں، پوری قوم آپ کو کامیاب دیکھنا چاہتی ہے،آپ دنیا میں پاکستان کے نمائندے و سفیر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں