عام آدمی کے استعمال کے درجہ دوم گھی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ

درجہ دوم کے گھی کی قیمت 320 روپے سے بڑھ کر 325 روپے فی کلو ہوگئی ہے، تین سالوں میں درجہ دوم کا گھی 145 روپے مہنگا ہوکر 325 روپے فی کلو تک پہنچ گیا

اسلام آباد (حالات نیوز ڈیسک) حکومت نے عام آدمی کے درجہ دوم کے گھی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ کردیا، درجہ دوم کے گھی کی قیمت 320 روپے سے بڑھ کر 325 روپے فی کلو ہوگئی ہے، تین سالوں میں درجہ دوم گھی 145 روپے مہنگا ہو کر325 روپے فی کلو ہوگیا ہے، دیہاڑی دار اور عام آدمی کیلئے ہوشربا مہنگائی میں گھر کا بجٹ بنانا ناممکن ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی بے حسی اور نااہل پالیسیوں کے باعث ملک میں مہنگائی تواتر کے ساتھ بڑھ رہی ہے، جس سے متوسط طبقات بالخصوص غریب عوام شدید متاثر ہورہے ہیں، غریب لوگ گھر کا کرایہ دیں، بچوں کی فیس دیں مہنگی ادویات خریدیں، یا پھر دو وقت کی روٹی پوری کریں؟ متوسط طبقات کیلئے بھی گھر کا بجٹ بنانا مشکل ہوچکا ہے۔

لیکن اس کے برعکس حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے مہنگائی کا ایک سلسلہ شروع کررکھا ہے، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے ضروریہ بھی مہنگی ہورہی ہیں۔

جبکہ حکومت سے ڈالر کی قدر کنٹرول نہیں ہورہی جس سے امپورٹڈ اشیاء پر براہ راست اثر پڑا رہا ہے۔ اب عوام کے لیے بری خبر ہے کہ درجہ دوم کے گھی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ کرنے سے گھی کی قیمت 320 روپے سے بڑھ کر 325 روپے فی کلو ہوگئی ہے، 20 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار 240 روپے اور چینی 115 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔دوسری جانب گزشتہ روز ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہر ہفتے اضافہ ہونے کا سلسلہ جاری ہے، رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں 1.31 فیصد کا مزید اضافہ ہوا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک ہفتے کے دوران 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، اسی طرح دودھ، خشک لکڑی سمیت 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں