جمائما نے ایک بار پھر پاکستانیوں سے مدد طلب کر لی

لندن میں فلم کے لیے پاکستانی اسٹائل کے رکشے کی ضرورت ہے،برطانیہ میں مقیم پاکستانی مدد کریں۔ جمائما گولڈ اسمتھ کا ٹویٹ

لندن (حالات بیورو رپورٹ) : برطانوی پروڈیوسر و وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے ایک بار پھر پاکستانیوں سے مدد طلب کر لی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو مخاطب کیا اور کہا کہ انہیں لندن میں فلم کے لیے پاکستانی اسٹائل کے رکشے کی ضرورت ہے۔
جمائما کے مطابق انہیں اگلے ہفتے منگل اور جمعے کو فلم کی شوٹنگ کے دوران پاکستانی اسٹائل کے رکشے کی ضرورت ہو گی۔اگر کوئی شخص اس تناظر میں ان کی مدد کرے، یا کسی کی اگر کسی ایسے شخص سے جان پہچان ہو تو وہ انہیں بتائے۔

خیال رہے کہ جمائما نے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی فلم بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں جس کی شوٹنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔

جمائما گولڈاسمتھ کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’واٹس لوو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ کی شوٹنگ کا آغاز لندن میں ہوا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ’واٹس لوو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ فلم کی کہانی جمائما خان نے خود لکھی ہے جو ان کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ محبت اور شادی کی کہانی سے متاثر ہو کر لکھی گئی ہے۔ جبکہ فلم کے ہدایت کار شیکھر کپور مشہور فلم مسٹر انڈیا سمیت کئی بالی وڈ اور ہالی وڈ فلمیں بنا چکے ہیں۔
اس فلم میں پاکستانی اداکارہ سجل علی بھی نظر آئیں گی،اس سلسلے میں ان کی جمائما سے ملاقات بھی ہو چکی ہے۔۔جمائما گولڈ اسمتھ کی جانب سے پاکستانی باصلاحیت خوبرو اداکارہ سجل علی کو لیجنڈ قرار دے دیا گیا تھا۔جمائما گولڈ اسمتھ نے ٹوئٹر پر سجل علی اور بھارتی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی کے ساتھ دو تصاویر شیئر کی تھیں۔ جمائما گولڈاسمتھ کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی دونوں تصاویر میں وہ سجل علی اور شبانہ اعظمی کے ساتھ خوشگوار موڈ میں نظر آ رہی ہیں۔
جمائما نے اپنے ٹوئٹ کے کیپشن میں دونوں اداکاراؤں کو جنوبی ایشیا کی لیجنڈ اداکارائیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں جنوبی ایشیا کی دو لیجنڈ اداکاراؤں کے ساتھ کام کر رہی ہوں اور ساتھ میں جمائما نے ان دونوں فنکاروں کو ٹوئٹر پر ٹیگ بھی کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں