امریکا اور برطانیہ کا آسٹریلیا کو جوہری آبدوز ٹیکنالوجی دینے کا فیصلہ، چین کی شدید مذمت

یہ معاہدہ علاقائی امن واستحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے،اس سے اسلحہ کی دوڑ میں اضافہ ہوگا

واشنگٹن (حالات انیشنل ڈیسک) امریکا اور برطانیہ کی جانب سے آسٹریلیا کو جوہری آبدوز کی ٹیکنالوجی دینے کے معاہدے کی چین نے شدید مذمت کی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چین نے بتایا کہ یہ معاہدہ علاقائی امن واستحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے،اس سے اسلحہ کی دوڑ میں اضافہ ہوگا۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے بتایاکہامریکا،برطانیہ ایٹمی برآمدات کو جیوپولیٹیکل گیمز کے آلے کے طورپراستعمال کرتے ہیں، آسٹریلیاکو جوہری آبدوز کی ٹیکنالوجی برآمدکرنا، امریکا اور برطانیہ کے دوہرے معیار کا عکاس ہے اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔
چینی ترجمان نے بتایا کہ اس معاہدے نے جوہری عدم پھیلاؤ کے وعدوں کی پاسداری میں آسٹریلیا کے اخلاص پر سوال اٹھادئیے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا، برطانیہ اورآسٹریلیا نے بحر ہند اور بحرالکاہل کے پانیوں میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کیلئے نیا سکیورٹی اتحاد بنا لیا ہے۔تینوں ملکوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت امریکا اوربرطانیہ ایٹمی توانائی سے چلنیوالی آبدوزیں بنانے میں آسٹریلیا کی مدد کریں گے، تینوں ممالک نے علاقے میں دیرپا امن یقینی بنانے کے عزم کا اظہارکیا۔

دوسری جانب فرانس نے بھی آسٹریلیا کی جانب سے برطانیہ اور امریکا سے معاہدے کو ’پیٹھ میں چھرا گھونپنے‘ کے مترادف قرار دیا ہے۔فرانس نے بتایا کہ آسٹریلیا نے پہلے ہم سے جوہری آبدوزوں کا معاہدہ کیا تھا لیکن اچانک امریکا اور برطانیہ کے پاس چلا گیا۔فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ آسٹریلیا کو وضاحت دینی ہوگی کہ وہ اس معاہدے سے کیسے نکلے گا، اتحادیوں کا آپس میں یہ رویہ نہیں ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں