قومی کرکٹ ٹیم کی نئی ون ڈے کٹ متعارف کروا دی گئی ،کھلاڑیوں کی تصاویر وائرل

لاہور (حالات اسپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے ایک روز قبل قومی ٹیم کی نئی کٹ متعارف کروا دی ہے جس کے فوٹو شوٹ کی تصاویر بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ٹویٹر پیج ”پاکستان کرکٹ“ پر کپتان بابراعظم ، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کی کٹ پہنے ہوئے تصویر شیئر کی گئی ہیں ۔

کٹ نہایت ہی خوبصورت اور دلکش دکھائی دے رہی ہے جسے صارفین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے ۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر ہے اور کل پہلا ون ڈے میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دوپہر اڑھائی بجے کھیلا جائے گا ۔سیریز میں شامل بقیہ دو میچز 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد دونوں ٹیمیں لاہور روانہ ہوجائیں گی، جہاں پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کھیلی جائے گی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جارہی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کے لیے قومی ٹیم کے 12 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے لیے 12 رکنی سکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور زاہد محمود شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں