شمالی کوریا کا کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

میزائل اپنے ہدف کو 1500 کلومیٹر کے فاصلے تک نشانہ بنا سکتا ہے میزائل تجربے سے فکرمند ہیں معاملے پر امریکہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، جاپان

پیانگ یانگ (حالات انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا نے جدید ٹیکنالوجی کے بدولت کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں سال شمالی کوریا نے جدید ٹیکنالوجی سے بھر پور کروز میزائل بنایا تھا جس کا گزشتہ ہفتے کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔رپوٹ کے مطابق کروز میزائل جاپان کے بیشترعلاقوں کو باآسانی نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپوٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا جو اپنے ہدف کو 1500 کلومیٹر (930 میل) کے فاصلے تک نشانہ بنا سکتا ہے۔ سرکاری میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کروز میزائل کا تجربہ مستقبل میں ہماری ریاست کی سلامتی اور دشمن قوتوں کے فوجی ہتھکنڈوں پر مضبوطی سے قابو پانے کے لئے ایک موثر ہتھیار ثابت ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق جاپان کے چیف کابینہ سیکرٹری کاتسونوبو کاتو کا کہنا ہے کہ کروز میزائل کے کامیاب تجربے سے ان کی حکومت فکرمند ہے جس کے لیے وہ امریکہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کا کروز میزائل تجربہ ملک کی فوجی قوت کو مزید مضبوط بنائے گا، جبکہ ہمسائے ممالک اور عالمی برادری کو اس جوہری قوت سے خطرات لاحق ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا امریکی ایٹیلی جنس کے ساتھ مل کر اپنے مزائیلوں کا تجربہ کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں