یوم دفاع کی تقریب میں حسن محمود صدیقی کی شرکت پر شرکاء پرجوش

یوم دفاع پاکستان ملک بھر میں بھرپورجوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا، سرگودھا کی تقریب میں پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے پائلٹ حسن محمود صدیقی بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

 مادر وطن کے لیے جان کا نذرانہ دینے والوں کی یاد میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا، جبکہ مختلف شہروں میں ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

سرگودھا کے جناح ہال کمپنی باغ میں ہلال استقلال لہرانے کی تقریب ہوئی تقریب میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا طیارہ تباہ کرنے والے پاکستانی ایئر فورس کے پائلٹ اور عظیم سپوت حسن صدیقی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ حسن صدیقی کی آمد سے جناح ہال شرکاء کی تالیوں سے گونج اٹھا۔

دوسری جانب گجرات میں نشان حیدر میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے مزار پر یوم دفاع کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، بورےوالا میں میجر طفیل محمد شہید کے مزار پر آرمی چیف کی جانب سے پھول رکھے گئے۔

جہلم میں وانا کے شہید صوبیدار محمد رمضان کی قبر پر پاک فوج نے سلامی پیش کی، غذر میں شہید لاک جان نشان حیدر کے مزار پر فورس کمانڈر جی بی میجر جنرل جواد احمد نے فاتحہ خوانی کی۔

میرپور آزاد کشمیر میں کرنل عمران ارشد شہید کے مزار پر ایس ایس پی ضلع میرپور راجہ عرفان سلیم نے فاتحہ خوانی کی اور پھول رکھے، پاراچنار میں ضلع کرم میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا 73 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر نجف عباس نے میجر شہید گلفام کی قبر پر پھول رکھے۔

ہنگو میں شہید میجر منیر شہید کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں شریک شہید میجر منیر کے فرزند عادل منیر کا کہنا تھا کہ والد کی شہادت پر فخر ہے۔

حیدرآباد میں فوجی لباس پہنے طلباء نے شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کیا، سکھرمیں اسکول کے طلبا و طالبات نے ٹیبلوز پیش کیے۔

نواب شاہ میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، روہڑی میں پاکستان پیٹریاٹک یوٹھ ڈسڑکٹ سکھر کے زہر اہتمام اور میرپور خاص میں طلبہ نے یوم دفاع ریلی نکالی۔

ٹھٹھہ میں مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین اور اسکولوں کے طلباء نے بھی ریلیاں نکالی ادھر جیکب آباد میں مزدور شہری اتحاد کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔

تھرپارکر میں شہید ہونے والے جوانوں کی یادگار شہداء پر پھول رکھےگئے رحیم یار خان میں یوم دفاع کی تقریب میں قومی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

بلوچستان کے مختلف شہروں میں یوم دفاع پاکستان بھرپوراندازسے منایا گیا، نصیر آباد اور جعفرآباد میں سول سوسائٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔

نوکنڈی اور ماشکیل میں منعقدہ تقاریب میں طلباء نے پاک فوج کی بہادرانہ صلاحیتوں پر تقاریر اور ٹیبلو پیش کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں