جاوید لطیف اور برجیس طاہر نیب میں طلب

جاوید لطیف اور برجیس طاہر نیب میں طلب

قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے مسلم لیگ نون کے 2 رہنماؤں جاوید لطیف اور برجیس طاہر کو طلب کر لیا۔

نیب ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے رہنما ایم این اے جاوید لطیف کو 9 ستمبر کو 11 بجے دن طلب کیا گیا ہے۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ ایم این اے جاوید لطیف پر 50 کروڑ روپے کے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔

نیب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نون لیگ کے رہنما برجیس طاہر کو 10 ستمبر کو طلب کیا گیا ہے، ان پر 30 کروڑ روپے کے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

نیب ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی ہدایت پر نیب حکام نے دونوں نون لیگی رہنماؤں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب میاں جاوید لطیف نے ’جیو نیوز‘ سے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے نیب کی طرف سے ابھی تک کوئی نوٹس نہیں ملا۔

نون لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ نوٹس ملا تو نیب حکام کے سامنے ضرور پیش ہوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں