مزاحمتی گروپ کو شکست، افغان طالبان نے پنجشیر سمیت پورے افغانستان پر قبضہ کر لیا

کابل (حالات نیوز ڈسک) مزاحمتی گروپ کو شکست، افغان طالبان نے پنجشیر سمیت پورے افغانستان پر قبضہ کر لیا، مزاحمتی گروپ کے سربراہ احمد مسعود اور امر اللہ صالح میدان چھوڑ کر بھاگ نکلے، افغان طالبان کا پنجشیر کے 34 اضلاع کا کنٹرول حاصل کر لینے کا دعویٰ۔ تفصلات کے مطابق افغان طالبان افغانستان میں اپنے خلاف آخری مزاحمت بھی کچلنے میں کامیاب ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق افغان طالبان پنجشیر کے سب سے بڑے ضلع پریان سمیت وادی کے 34 اضلاع کا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکے۔ پنجشیر پر افغان طالبان کا کنٹرول قائم ہونے کے بعد امر اللہ صالح اور مزاحمتی گروپ کے سربراہ احمد مسعود کے تاجکستان فرار ہو جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ پنجشیر میں فتح حاصل کرنے کے بعد افغان طالبان کی جانب سے کابل میں ہوائی فائرنگ کر کے خوشی منائی جا رہی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ پنجشیر میں جنگ لڑنے والے مزاحمتی اتحاد نے طالبان کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کے بعد ہی جنگ رکی۔ دوسری جانب یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ پنجشیر میں دیگر اضلاع طالبان کے کنٹرول میں جانے کے بعد وادی کے مرکزی بازار میں فیصلہ کن لڑائی اب بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان طالبان نے پنجشیر پر بھرپور قوت سے حملہ کیا تھا۔
پنجشیر میں طالبان اور مزاحمتی فورسز کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری تھی۔ پنجشیر کی صورتحال کے حوالے سے ترجمان افغان طالبان نے کہا کہ کہ یہ معاملہ اب افغانستان کی داخلی صورتحال کے حوالے سے انتہائی اہم ہو گیا ہے، پنجشیر کی صورتحال کی وجہ سے افغانستان کے امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق مزاحمتی فورسز کے ساتھ بات چیت کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی تاہم اسی دوران ان کی جانب سے حملہ کر دیا گیا۔ اسی لیے اب مسلح مزاحمت کو کچلنا ناگزیر ہو گیا، مذاکرات میں ناکامی کے بعد آپریشن کا آغاز کیا، ہمارے جنگجو پنجشیر کے کئی علاقوں میں داخل ہو چکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں