سمندر سے مزید گہرے بادل کراچی آ رہے ہیں: محکمۂ موسمیات

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں تیز موسلا دھار بارش جاری ہے، اس حوالے سے محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندر کی جانب سے مزید گہرے بادل شہرِ قائد کی جانب بڑھ رہے ہیں، جن کی وجہ سے مزید 1 یا 2 گھنٹے بارش برس سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر چاروں طرف سے بادلوں کی لپیٹ میں ہے، سمندر میں بننے والا کلاؤڈ ماس شہر کی جانب بھی بڑھ رہا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ سمندر میں موجود ہوا کا کم دباؤ جنوب مشرق میں موجود تھا، جس کی وجہ سے شہر میں مزید 1 سے 2 گھنٹے بارش ہو سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ شہر کے شمال مشرق میں بھی کافی بادل موجود ہیں، اگر یونہی تیز بارش ہوتی رہی تو اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، سخی حسن، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، لانڈھی، کورنگی، ملیر، ایئر پورٹ، سپر ہائی وے لنک روڈ، نیو ملیر، سعدی ٹاؤن، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، پہلوان گوٹھ، شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، ڈیفنس، کلفٹن، کورنگی روڈ، اختر کالونی، ہجرت کالونی، دہلی کالونی سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش جاری ہے۔

کراچی کو صبح سویرے سے ہی گہرے بادلوں نے اپنی آغوش میں لے رکھا تھا جبکہ محکمۂ موسمیات نے بھی شہرِ قائد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

بارش کے باعث شہر کی مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، پھسلن پیدا ہو گئی، کئی موٹر سائیکلیں سڑکوں پر سلپ ہو گئیں۔

بارش شروع ہوتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھر پارکر، عمر کوٹ، میر پور خاص، ٹھٹھہ، کراچی اور جامشور میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کہیں تیز اور کیں معتدل بارش ہوسکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کل بھی موسم جزوی ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق اس دوران شہر کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں