سی ٹی ڈی اور اے وی سی سی کی مشترکہ کارروائی، قتل میں ملوث ملزمان گرفتار

کراچی میں سی ٹی ڈی اور اے وی سی سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ 

اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملزمان نے 16 جون کو الفلاح تھانے کی حدود میں کار سوار کو قتل کیا تھا، قتل میں ملوث ملزم مقتول کے والد کا پارٹنر نکلا۔ 

انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب کے مطابق ملزم اجمل پاپڑی اور حفیظ کو جمالی پل سپر ہائی وے سے گرفتار کیا گیا ہے، مقتول کے والد پراپرٹی کے کاروبار سے منسلک ہیں۔

راجا عمر خطاب کا کہنا تھا کہ مقتول کے والد ذوالفقار کا پارٹنر راؤ اقبال ہے، مقتول نے کچھ عرصے قبل اپنے والد کے ساتھ کاروبار میں شمولیت اختیار کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول کو انکشاف ہوا تھا اس کے والد کے ساتھ پارٹنر راؤ اقبال نے فراڈ کیا ہے، راؤ اقبال نے اپنے ساتھی حفیظ کے ہمراہ قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ حفیظ نے قاتل اجمل پاپڑی اور حمزہ کی راؤ اقبال سے ملاقات کروائی تھی۔ 

راجا عمر خطاب نے کہا کہ مرکزی کردار راؤ اقبال کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزمان واردات کے بعد خانیوال فرار ہوگئے تھے۔

انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم اجمل پاپڑی نے ثبوت مٹانے کے لیے اپنے ساتھی حمزہ کو خانیوال میں قتل کیا۔

راجا عمر خطاب کا کہنا تھا کہ ملزم اجمل پاپڑی حمزہ کو قتل کرنے کے بعد کراچی واپس آیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں