افغانستان میں 85 ارب ڈالر مالیت کا امریکی فوجی ساز و سامان طالبان کے پاس چلا گیا

کابل (حالات نیوز دسک) افغانستان میں 85 ارب ڈالر مالیت کا امریکی فوجی سازوسامان طالبان کے پاس چلا گیا، افغانستان رہ جانے والے فوجی سازوسامان میں 75 ہزار گاڑیاں، 200 ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹر اور 6 لاکھ چھوٹے اور ہلکے ہتھیار شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان سے امریکا کے انخلاء کی وجہ سے افغان طالبان کے ہاتھ اربوں ڈالرز کا مال غنیمت آنے کا انکشاف ہوا ہے۔اس حوالے سے امریکی ری پبلکن کانگریس کے رکن جم بینکس نے اہم انکشافات کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ جم بینکس کے مطابق افغانستان سے انخلائ کے فیصلے کی وجہ سے 85 ارب ڈالرز مالیت کا امریکی فوجی ساز و سامان افغان طالبان کے ہاتھ لگ گیا ہے۔ان کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے افغانستان میں جو فوجی ساز و سامان چھوڑا گیا ہے اس میں 75 ہزار گاڑیاں، 200 ہوائی جہاز، ہیلی کاپٹر اور 6 لاکھ چھوٹے اور ہلکے ہتھیار شامل ہیں۔کانگریس کے رکن افغان طالبان کے پاس اب دنیا کے 85 فیصد ممالک سے زیادہ بلیک ہاک جنگی ہیلی کاپٹر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ بھی جدید ترین جنگی ہتھیار اور آلات افغان طالبان کے ہاتھ لگ چکے۔ اندھیرے میں دیکھنے والے چشمے، دیگر جدید آلات کے علاوہ ایسے لوگوں کا بائیومیٹرک ڈیٹا بھی طالبان کے ہاتھوں میں چلا گیا ہے جو امریکا کیساتھ کام کرتے رہے ہیں۔جم بینکس نے امریکی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جوبائیڈن حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہی اربوں ڈالرز کے ہتھیار اور جدید آلات افغان طالبان کے ہاتھ میں چلے گئے، جبکہ امریکی حکومت یہ تمام ساز و سامان افغانستان سے واپس لانے کا کوئی ارادہ بھی نہیں رکھتی۔ کانگریس کے رکن کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل میں افغانستان میں موجود فوجی ساز و سامان امریکا کیخلاف استعمال ہوا تو اس کی ذمے جوبائیڈن حکومت ہو گی۔یہاں واضح رہے کہ چند روز قبل پوری دنیا اس وقت حیران رہ گئی تھی جب امریکا اور اس کی اتحادی افواج کی جانب سے اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری سے کھڑی کی جانے والی افغان فوج نے بنا کسی مزاحمت کے افغان طالبان کو پورے افغانستان پر آسانی سے قابض ہونے دیا۔ افغان فوج اپنے ہتھیار ڈال کر میدان سے فرار ہو گئی، جس باعث اربوں ڈالرز کا جدید فوجی ساز و سامان افغان طالبان کے قبضے میں چلا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں