اسلام آباد (حالات نیوز ڈسک) حکومت نے پٹرول پر عائد سیلز ٹیکس میں کمی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے پٹرول پر سیلز ٹیکس کی شرح کم کرکے 10.54 فیصد کر دی۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول پر سیلز ٹیکس کی شرح 10.77 فیصد تھی جسے کم کرکے 10.54 فیصد کردیا گیا ہے۔ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح بغیر کسی کمی کے 17فیصد، مٹی کے تیل پر شرح 6.70 فیصد اور لائٹ ڈیزل آئل پر سیلز ٹیکس کی شرح 0.20 فیصد برقرار رہے گی۔پیٹرول پر سیلز ٹیکس کی نئی شرح کا اطلاق 16 اگست سے ہوگا۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 16 اگست سے پٹرول کی قیمت میں اضافے کی سمری مسترد کر دی تھی جس کے بعد وزارت خزانہ نے موجودہ قیمت کو برقرار رکھنے کیلئے سیلز ٹیکس میں کمی کر دی۔یاد رہے کہ وفاقی وزارت خزانہ نے 16 اگست کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کیا تھا۔ حکومت نے پٹرول اورہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمیتں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا، جبکہ مٹی کا تیل اورلائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔
16 اگست سے مٹی کےتیل کی قیمت میں 81 پیسے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 88 روپے 30 پیسے مقرر ہوئی۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 10 پیسے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 85 روپے 77 پیسے ہو گئی۔ وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ اوگرا کی جانب سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر جبکہ پٹرول کی قیمت میں 50 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی، تاہم اوگرا کی سمری کو مسترد کر کے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں ستمبر کے ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے۔