پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 91 اموات

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 91 اموات

سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پھر 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 75 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 91 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 2 ہزار 857 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 79 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 25 ہزار 94 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 31 ہزار 659 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 91 ہزار 46 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 513 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 10 لاکھ 15 ہزار 519 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 59 ہزار 943 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 73 لاکھ 36 ہزار 393 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 لاکھ 15 ہزار 856 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 4 کروڑ 64 لاکھ 56 ہزار 77 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 22 ہزار 418 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 6 ہزار 627 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 82 ہزار 332 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 11 ہزار 605 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 57 ہزار 721 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 4 ہزار 819 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 96 ہزار 771 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 852 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 31 ہزار 865 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 336 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 30 ہزار 865 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 685 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 9 ہزار 687 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 170 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں