تھیلیسیمیا سے آگاہی کے لیے پی ایس ایل کے موقع پر نغمہ جاری

تھیلے سیمیا سے آگاہی کے لیے پی ایس ایل کے موقع پر نغمہ جاری

پی ایس ایل کے موقع پر’’جیتا پاکستان‘‘کے عنوان سے تیارکیا جانے والا نغمہ جاری کیا گیا۔ نغمہ جاری کرنے کا مقصد ملک میں تھیلے سیمیا کے مرض سے آگاہی اور عطیہ خون کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔

انصاری فلمز، عمیر ثناء فائونڈیشن اور چلڈرنز اسپتال کے اشتراک سے نغمہ ریلیز کرنے کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔

اس موقع پر ڈاکٹر ثاقب انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک سے تھیلیسیمیا کے خاتمے اور عطیہ خون کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کر رہے ہیں، اور عطیہ خون کی اہمیت کو اجاگر کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس نغمے کا مقصد بھی تھیلے سیمیا کی روک تھام کے لیے آگاہی کی فراہمی اور ملک میں بلڈ ڈونیشن کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔

تھیلے سیمیا سے آگاہی کے لیے پی ایس ایل کے موقع پر نغمہ جاری

تقریب سے عمیر ثناء فائونڈیشن کے صدر ڈاکٹر کاشف حسین انصاری(امریکہ سے بذریعہ ویڈیو لنک)، فنانس سیکریٹری تحسین اختر اور دیگر نے خطاب کیا، جبکہ تقریب میں نظامت کے فرائض معروف اسپورٹس اینکر یحییٰ حسینی نے انجام دیئے۔

شرکاءنے پی ایس ایل کے موقع پر نغمے کے اجراء پر ڈاکٹر کاشف انصاری اور ڈاکٹر ثاقب انصاری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس نغمے کو پی ایس ایل کا آفیشل نغمہ ہونا چاہیے، اس نغمے سے نہ صرف ملک میں تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے خون دینے کا رجحان فروغ پائے گا بلکہ اس سے نئی نسل میں کرکٹ سے بھی دلچسپی پیدا ہوگی۔

تقریب میں معروف کرکٹر اسد شفیق، شعیب محمد، طارق خان، معروف اداکار ایاز خان، صحافی فواد خورشید، کاشف حسین، نسیم راجپوت، خالد حسین،  آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر جنید علی شاہ، پاکستان بیت المال کے ڈاکٹر عدنان مجید اور کوئٹہ گلیڈیٹرکے واڈروب پارٹنر سرفراز اکبراور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پرڈاکٹر ثاقب انصاری نے مہمانوں کو شیلڈز اور گلدستے بھی پیش کیے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں