حریک انصاف توقع سے زائد نشستیں حاصل کر کے سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت بننے کیلئے تیار

اسلام آباد(جنرل رپورٹرحالات) تحریک انصاف توقع سے زائد نشستیں حاصل کر کے سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت بننے کیلئے تیار، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے حکمران جماعت کو 30 تک نشستیں ملنے کی پیشن گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے نتائج کے حوالے سے بڑی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف سینٹ کے انتخابات میں 28 سے 30 نشستیں حاصل کر کے سینٹ کی سب سے بڑی جماعت ہو گی۔ وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی نابالغ قیادت کو احساس ہو گا کہ تیل کس بھائو ہے، جلسوں، بیانات اور استعفوں کے بعد لانگ مارچ خالی شارٹ واک رہ جائیگا۔
اس تمام صورتحال میں امید ہے ان جماعتوں کے اراکین اب نئی قیادت سامنے لائیں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ الیکشن کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کیلئے پنجاب سے 20 امیدواروں کے کاغذات منظور کر لیے، جبکہ ن لیگ کے پرویز رشید اور تحریک انصاف کی نیلم ارشاد کے کاغذات مسترد کر دیے گئے۔ پنجاب میں کل 11 سینیٹ نشستوں کیلئے انتخاب ہوگا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ان میں (ق) لیگ کے کامل علی آغا، یپلز پارٹی کے عظیم الحق منہاس، پی ٹی آئی کے جمشیداقبال چیمہ، ڈاکٹرز رقا سہروری، محمدمدنی، عمرسرفراز چیمہ، بیرسٹر علی ظفر، سیف اللہ نیازی، اعجازچوہدری، ظہیر عباس کھوکھر، اعجاز منہاس اور عون عباس، (ن) لیگ کے زاہدحامد، اعظم نذیر تارڑ، سیف الملوک کھوکھر، عرفان صدیقی، بلیغ الرحمان، سائرہ افضل تارڑ، ساجد میر، افنان اللہ خان اورسعدیہ عباسی شامل ہیں۔
ان امیدواروں میں 2 امیدوار تحریک اںصاف کے بیرسٹر علی ظفر اور ن لیگ کے اعظم نذیر تارڑ بلا مقابلہ ہی منتخب ہوگئے ہیں۔ جبکہ واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے قومی اسمبلی سمیت ملک کی تمام صوبائی اسمبلیوں میں 3 مارچ کو پولنگ ہوگی۔ انتخابات کے بعد سینیٹ میں حکمراں جماعت تحریک انصاف کو 28 سے 30، پیپلز پارٹی کو 19 جبکہ مسلم لیگ ن کو کل 17 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ 2 صوبوں پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے علاوہ وفاق میں بھی حکومت میں ہونے کی وجہ سے تحریک انصاف سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت بن جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں