مجھے لگتا ہے قائداعظم کا مقام بھی کسی دن چیلنج ہوجائے گا، احسن اقبال

مجھے لگتا ہے قائداعظم کا مقام بھی کسی دن چیلنج ہوجائے گا، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ نے آج بہت بڑا جھوٹ بولا ہے، یہ سمجھ رہے ہیں کہ عمران خان سے پہلے دور جاہلیت اور پتھرکا زمانہ تھا، مجھے لگتا ہے قائداعظم کا مقام بھی کسی دن چیلنج ہوجائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ماضی کی ہر کامیابی کو جھٹلانا اور اپنی ناکامیوں کا ملبہ گزشتہ حکومتوں پر ڈالنا ان کا وتیرہ ہے۔

 احسن اقبال نے کہا کہ یہ حکومت جھوٹ اس قدر ڈھٹائی سے بولتی ہے کہ سچ کا گمان ہونے لگے، آج وزیر خزانہ نےکہا 1972 کے بعد کوئی پلاننگ نہیں ہوئی، یہ بہت بڑا جھوٹ ہے، جبکہ حکومتوں نے مختلف ادوار میں پلاننگ کی ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ جب سی پیک کی بنیاد رکھی گئی تو لوگ ہم پر ہنستے تھے، اس وقت پاکستان سیاسی، اقتصادی اور خارجہ محاذ پر چیلنجز کا سامنا کررہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر دنیا کی نظریں ہیں، جو کچھ افغانستان کے نتائج ہوں گے اس کا پاکستان کو بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز کا کوئی لیڈر، سیاسی جماعت یا ادارہ تنہا مقابلہ کرسکتا ہے؟، یہ چیلنجز تقاضا کرتے ہیں کہ پوری قوم مل کر ان کا مقابلہ کرے، بدقسمتی سے ہم پر ایک ایسی حکومت بٹھائی گئی ہے جو تقسیم پیدا کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں