خواجہ آصف کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں جمع، جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

خواجہ آصف کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں جمع

لاہورکی احتساب عدالت میں مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کے وکلاء نے ان کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں جمع کرا دیں، عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کی استدعا منظور کرتے ہوئے ایک روز کا حاضری سے استثنیٰ دیدیا۔

احتساب عدالت کے جج نے خواجہ آصف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس پر سماعت کی، خواجہ آصف کے وکلاء نے میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آنکھوں کے آپریشن کے لئے میو اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ آصف کا میو اسپتال میں آپریشن ہے، کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ آنے کے بعد ان کا آپریشن کیا جائے گا۔

سماعت کے دوران جیل حکام نےخواجہ آصف کا جیل وارنٹ عدالت میں پیش کیا، جیل سپرٹینڈنٹ نے عدالت کو بتایا کہ زیر حراست ملزم اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

جیل سپرٹینڈنٹ نے استدعا کی کہ خواجہ آصف کو ایک روز کا حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، عدالت نے جیل سپرٹینڈنٹ کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی اور خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 مارچ تک توسیع کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں