پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹرز میں شوٹنگ مقابلہ منعقد کیا گیا۔
سفارتی عملے سمیت، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور ایس ایس یو کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز نے مقابلوں میں حصہ لیا اور شارپ شوٹنگ (ٹائم باؤنڈ) اور ریپڈ شوٹنگ مرد و خواتین کیٹیگریز میں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان ایس ایس یو کے مطابق مقابلوں میں امریکا، روس، جاپان، برطانیہ، عمان، بحرین اور سعودی عرب کے سفارتی عملے نے حصہ لیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس، فرنٹیئر کانسٹیبلری، ایس ایس یو، آر آر ایف اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
شارپ شوٹنگ (ٹائم باؤنڈ) اور ریپڈ شوٹنگ کے مجموعی مقابلوں میں ایس ایس یو نے پہلی، اے ایس ایف نے دوسری جبکہ امریکی قونصل خانے نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر نے والے شرکاء کو مبارکباد دی اور انعامات تقسیم کئے۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی کا کہنا تھا کہ دنیا میں آزادی سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں ہے اور اس آزادی کو جسے ملک کے ہیروز نے قربانیاں دے کر حاصل کیا ہے ہر قیمت میں محفوظ بنانا ہے۔
آخر میں مہمان خصوصی نے مقابلے میں حصہ لینے والے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔