افغان طالبان نے افغانستان کی اہم ترین ائیربیس پر قبضے کے بعد بھارتی جنگی ہیلی کاپٹر قبضے میں لے لیا

کابل (حالات میڈیا ڈسک) افغان طالبان نے افغانستان کی اہم ترین ائیربیس پر قبضے کے بعد بھارتی جنگی ہیلی کاپٹر قبضے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق افغان طالبان ہر گزرتے دن کیساتھ افغانستان کے دارالحکومت کابل سے قریب سے قریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق افغان طالبان نے گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل کے بعد ملک کے 2 سب سے بڑے شہروں قندھار اور ہرات پر بھی قبضہ کرلیا تھا، جبکہ جمعہ کے روز صوبہ ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ سمیت 17 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوگئے، یوں افغانستان کے نصف صوبائی دارالحکومت طالبان کے قبضے میں جا چکے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان افغانستان کے دارالحکومت کابل سے اب صرف 50 میل کی دوری پر رہ گئے ہیں۔افغان طالبان نے جہاں ملک کے اہم اور بڑے شہروں پر قبضہ کیا ہے، وہیں افغان فوج کی 2 اہم ترین ائیربیسز پر بھی قبضہ کر لیا گیا۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبے فرح، بدخشاں اور بغلان سے افغان افواج کے انخلا کے بعد اب طالبان نے نہ صرف قندوز ائیرپورٹ بلکہ وہاں قائم افغان فوج کی کور پامیر 217 کے ہیڈکوارٹر کو بھی قبضے میں لے لیا۔طالبان نے قندوز ائیربیس پر موجود فوجی ہیلی کاپٹر کو بھی قبضے میں لیا، یہ جنگی ہیلی کاپٹر بھارت کی جانب سے افغان فوج کو تحفے کے طور پر دیا گیا تھا۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان پہلی مرتبہ کسی فوجی کور ہیڈکوارٹر پر قابض ہوئے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق قندوز ائیرپورٹ اور کور ہیڈکوارٹرز پر حملے کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں جس میں افغان فوجیوں کو طالبان کے سامنے ہتھیار ڈالتے دیکھا گیا۔ طالبان نے جوزان شہر کے شبرغان ائیرپورٹ کا کنٹرول بھی حاصل کرلیا۔ دوسری جانب اس تمام صورتحال میں افغان حکومت کے اہم رہنماوں کے ملک سے فرار ہو جانے کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں